اسلام آباد: (آئی این این) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے چیف آف سٹاف شہبازگل کا پمز ہسپتال اسلام آباد میں طبی معائنہ کیا گیا جس کے بعد ان کی مجموعی صحت تسلی بخش قرار دے دی گئی ہے۔
شہباز گل کو میڈیکل بورڈ کے مشورے پر رات ہسپتال میں رکھا گیا تھا، تاہم اب طبیعت بہتر ہونے پر شہبازگل کو اسلام آباد پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔ گذشتہ روز پی ٹی آئی رہنما کو ہائی الرٹ سکیورٹی میں اسلام آباد کے پمز ہسپتال لایا گیا تھا۔ پمز ہسپتال میں میڈیکل ٹیم تشکیل دی گئی تھی جس میں دل، پھیپھڑوں کے ماہرین اور میڈیکل آفیسر شامل تھے۔
ڈاکٹرز کے مطابق شہباز گل کو پہلے سے سانس کی تکلیف تھی، پی ٹی آئی رہنما کا کافی وقت سے سانس کی تکلیف کا علاج چل رہا ہے تاہم مکمل چیک اپ کے بعد اب ان کی صحت تسلی بخش بتائی گئی ہے۔
دوبارہ جسمانی ریمانڈ، شہباز گل نے فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل نے دوبارہ جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔ شہباز گل نے اپنے وکلا کے ذریعے ایڈیشنل سیشن جج زیبا چودھری کے فیصلے کو چیلنج کیا۔ ایڈیشنل سیشن جج، آئی جی اور ایس ایس پی اسلام آباد سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ شہبازگل کو 9 اگست کو گرفتار کر کے 10 اگست کو جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا اور وہاں سے 2 دن کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا پھر 12 اگست کو شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوایا گیا۔ درخواست کے مطابق پراسیکیوشن نے حکم کو سیشن کورٹ میں چیلنج کیا، ایڈیشنل سیشن جج نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کی جس کا آرڈر ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست کو دوبارہ زیر غور لا کر نئے سرے سے فیصلہ کرنے کی ہدایت کی۔
شہبازگل کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایڈیشنل سیشن جج نے 17 اگست کوشہباز گل کا مزید جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔ مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔