شکور شاد کی پارٹی رکنیت معطل، پی ٹی آئی نے اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کر دیا

کراچی: (آئی این این) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنے رکن قومی اسمبلی شکور شاد کی پارٹی رکنیت معطل کرتے ہوئے اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کر دیا۔

شکور شاد نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا کہ انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کے نام کوئی استعفا بھیجا اور نہ ہی اس پر میرے دستخط ہیں۔ لہٰذا میرا استعفا منظور ہونے اور قومی اسمبلی کی نشست خالی ہونے (دونوں کے) نوٹیفکیشن معطل کیے جائیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے شکور شاد کی درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے ان کی رکنیت معطلی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے انہیں قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی اجازت دی تھی۔

بعد ازاں شکور شاد کے اس عمل کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے کی بنیاد پر رکنیت معطل کرتے ہوئے سات دن کے اندر اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

سابق گورنرسندھ عمران اسماعیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ شکور شاد کو پارٹی پالیسی کے خلاف اقدام کے حوالے سے شو کاز نوٹس جاری کر دیا گیا۔ انہوں نے پارٹی پالیسی کے خلاف اپنا استعفی عدالت میں درخواست دائر کر کے منسوخ کروایا۔ ان سے ان کے اقدام اور میڈیا پر پارٹی پالیسی کے خلاف بیانات کے حوالے سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔


شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 7 دن کے اندر جواب دے کر بتائیں کہ آپ کی رکنیت کیوں بحال کی جائے؟ شوکاز نوٹس کے مطابق حلقہ این اے 246 سے پارٹی چیئرمین عمران خان کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہو چکے ہیں، لہٰذا اس حلقے سے بطور کورنگ امیدوار آپ کی نامزدگی بھی واپس لی جاتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں