کراچی: (آئی این ا ین) عالمی مالیاتی اداروں کی طرف سے اربوں ڈالر ملنے کے گرین سگنل ملنے کے بعد ملک بھر میں روپے کی قدر تیزی سے بحال ہونے لگی۔
انٹربینک میں ڈالر مزید 2 روپے 4 پیسے سستا ہو گیا ہے جس کے بعد انٹربینک میں امریکی کرنسی 222 روپے پر ٹریڈ کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ ڈالر اپنی بلند ترین سطح سے17 روپے 94 پیسے کم ہوچکا ہے، 28 جولائی کو ڈالر239 روپے 94 پیسے پر پہنچ گیا تھا۔
دوسری جانب سٹاک مارکیٹ اسٹاک ایکس چینج میں 603 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے، 100 انڈیکس 42 ہزار 700 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
ادھر معاشی ماہرین کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے امریکی ، سعودی، یو اے ای حکام سے رابطے کے بعد امید ہے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی قسط جلد جاری ہوجائے گی ۔ ڈالر کی قدر مصنوعی انداز میں بڑھائی گئی تھی،ڈالر کی حقیقت میں بنیادی قدر 180روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔
سٹیٹ بینک اور دیگر حکومتی اداروں کی عدم توجہی کے باعث انٹر بینک میں بڑے پیمانے پر سٹہ بازی کی وجہ سے ڈالر اس قدر بلندی پر پہنچ گیا تھا تاہم ادارے اب متحرک ہوگئے ہیں جس کے بعد ڈالر کی قدر میں کمی شروع ہوگئی۔