فیصل آباد:(آئی این این) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 108 کے ضمنی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے گئے ہیں۔
ریٹرننگ افسر فیصل آباد نے 12 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کیے، عمران خان کو آج طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے، سابق وزیراعظم کے نامزدگی کاغذات میں دستخطوں کا فرق تھا۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ فیصل آباد کے ریٹرننگ افسر نے عمران خان کے کاغذات نامزدگی کو بلا جواز مسترد کیا، سابق وزیراعظم کے 9 حلقوں میں سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے تھے، یہ اعتراضات واٹس ایپ کے ذریعے سب کو بھجوائے گئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہی کاغذات 8 حلقوں میں جمع کرائے گئے، تمام کاغذات پورے ہونے کے باوجود کاغذات کو مسترد کیا گیا، اس ریٹرننگ افسر پر ہمیں آئندہ بھی اعتماد نہیں ہوگا، مسلم لیگ کے ایک امیدوار پانچ سال سے واسا کے ڈیفالٹر ہیں، پانچ سال کے ڈیفالٹرکے امیدوار کے کاغذات کو منظور کیا گیا۔
بعدازاں تحریک انصاف نے این اے 108 فیصل آباد سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اپیل کی تیاری شروع کردی گئی، تحریک انصاف ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو چیلنج کریگی۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے 11 اراکین کے استعفے منظور کرلئے تھے، ان استعفوں میں این اے 108 کا حلقہ بھی شامل تھا، 2018 کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے فرخ حبیب نے 112740 ووٹ لیکر عابد شیر علی کو شکست دی تھی۔