اسلام آباد:(آئی این این) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے بڑے شاپنگ مال سینٹورس میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا جس کے بعد کولنگ کا عمل جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق آگ کے شعلوں نے شاپنگ مال کے 8 فلورز کو اپنی لپیٹ میں لیا، فائر بریگیڈ اور ریسکیو کی 8 جبکہ میٹروپولیٹن کی تمام 12 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف رہیں۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق آگ بجھانے کے لئے ہیلی کاپٹر بھی طلب کیا گیا تھا جبکہ لوگوں کو مال سے نکالنے کے لئے عقبی دروازے کا استعمال کیا گیا، واٹر سپلائی کے ٹینکر بھی متاثرہ جگہ پہنچائے گئے۔ ریسکیو کی مدد سے شاپنگ مال میں موجود تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل ہونے پر شاپنگ مال کی عمارت کو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے حکم سے سیل کر دیا جائے گا، آگ لگنے کی وجوہات کی تحقیقات تک عمارت سیل رہے گی، کسی کو بھی شاپنگ مال میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔
مال انتظامیہ کے مطابق نجی مال میں آتشزدگی شاپنگ مال کے اندر فائر فائٹنگ سسٹم مکمل آپریشنل ہونے کے باعث آگ پر جلد قابو پانے میں مدد ملی، آگ بھڑکنے کے فوری بعد ہی 20 افراد پر مشتمل فائر فائٹنگ ٹیم نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا، مال کے بیرونی حصے میں آگ پھیلنے پر فوری فائر بریگیڈ کو بھی بلا لیا گیا، مال کے اوپر والے فلورز پر آگ بجھانے کیلئے فائر بریگیڈ سے مدد طلب کی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا نوٹس
اسلام آباد کے سینٹاریس مال میں آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی دارالحکومت کے متعلقہ اداروں اور حکام کو فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ بہت افسوس ہے کہ اس معروف کاروباری مرکز میں یہ واقعہ ہوا ہے۔ دعا ہے کہ کوئی جانی نقصان نہ ہوا ہو۔ متاثرین کے مالی نقصانات پر افسوس اور ہمدردی ہے۔
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) October 9, 2022
اسلام آباد کے سینٹورس مال میں آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی دارالحکومت کے متعلقہ اداروں اور حکام کو فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت افسوس ہے کہ اس معروف کاروباری مرکز میں یہ واقعہ ہوا ہے، دعا ہے کہ کوئی جانی نقصان نہ ہوا ہو، متاثرین کے مالی نقصانات پر افسوس اور ہمدردی ہے۔
رانا ثنا اللہ کا نوٹس
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اسلام آباد کے نجی مال میں لگنے والی آگ کا نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد انتظامیہ اور فائربریگیڈ کے عملے کو آگ پر قابو پانے کےلئے تمام وسائل استعمال کرنے کی ہدایت کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ آگ بجھانے کیلئے متعلقہ محکموں سے ہیلی کاپٹر کی سہولت سے بھی استفادہ کی جائے، مال میں پھنسے تمام افراد کو بحفاظت نکالا جائے، مال میں آگ لگنے کو وجوہات کا جائزہ لیکر ذمہ داران کا تعین کیا جائے، آگ لگنے کی مفصل رپورٹ وزارت داخلہ جمع کرائی جائے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان نیوی نے اسلام آباد کے سینٹورس مال میں لگی آگ بجھانے میں معاونت کی، پاک بحریہ کی ٹیم اور 3 فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے میں مصروف رہے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق سی ڈی اے کے شعبہ بی سی ایس کی جانب سے جاری ہونے والے این او سی پر سوالیہ نشان لگ گیا، متعلقہ شعبے کی جانب سے نجی مال کی بالائی منزلوں پر ایمرجنسی ایگزٹ (ہنگامی اخراج) راستے کو مدنظر نہیں رکھا گیا، ایمرجنسی کی صورتحال میں بالائی رہائشی منزلوں سے بچوں اور خواتین کے اخراج میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بالائی منزلوں پر بین الاقوامی قواعد کے مطابق ہائی رائز بلڈنگ میں نصب کیے جانے والے آلات بھی نہ ہونے کا انکشاف ہوا۔