سوناکشی سنہا کی تصاویر نے مداحوں کو حیرت میں مبتلا کردیا

بولی وڈ ’دبنگ گرل‘ سوناکشی سنہا کی جانب سے 9 مئی کو انگوٹھی کے ہمراہ تصاویر شیئر کرنے پر ان کے مداح حیرت میں مبتلا ہوگئے اور زیادہ تر افراد نے دعویٰ کیا کہ اداکارہ نے منگنی کرلی۔

سوناکشی سنہا نے انسٹاگرام، فیس بک اور ٹوئٹر پر اپنی تصاویر شیئر کیں، جن میں ان کے ہمراہ ایک نامعلوم مرد کو بھی دیکھا جا سکتا ہے، جن کا چہرہ دکھائی نہیں دیتا۔

تصاویر میں سوناکشی سنہا کو انگوٹھی بھی پپنی ہوئی دیکھی جا سکتی ہے اور وہ تصاویر میں خصوصی طور پر انگوٹھی کو نمایاں کرکے دکھاتی نظر آتی ہیں۔

مذکورہ تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے سوناکشی سنہا نے لکھا کہ ان کا بہت بڑا خواب حقیقت بن گیا۔

انہوں نے آج کے دن کو اپنی زندگی کا بہت بڑا دن بھی قرار دیا اور لکھاکہ وہ زندگی کے بہت بڑے خواب کے حقیقت بننے کی خوشی مداحوں سے شیئر کرنے پر انتہائی خوش ہو رہی ہیں۔

ساتھ ہی سوناکشی سنہا نے دل کا ایموجی استمال کرتے ہوئے ’ای زیڈ آئی‘ کے شارٹ فارم بھی لکھے۔

اداکارہ کی جانب سے مذکورہ تصاویر شیئر کیے جانے کے بعد مداحوں نے کمنٹس کرتے ہوئے جہاں انہیں مبارک باد پیش کی، وہیں بعض لوگوں نے ان سے سوال کیا کہ کیا انہوں نے منگنی کرکے نئی زندگی کا آغاز کردیا؟

اسی حوالے سے ’ہندوستان ٹائمز‘ نے بتایا کہ لوگوں نے سوناکشی سنہا کی تصاویر پر کمنٹس کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اداکارہ نے اپنے مسلمان بوائے فرینڈ ظہیر اقبال سے منگنی کرلی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بعض لوگوں نے دعویٰ کیا کہ سوناکشی سنہا کی جانب سے ’ای زیڈ آئی‘ کے شارٹ فارم کا مطلب ’انگیجمنٹ ود ظہیر اقبال‘ ہے۔

تاہم بعض لوگوں نے یہ بھی لکھا کہ اداکارہ نے کسی سے کوئی منگنی نہیں کی بلکہ مذکورہ تصاویر ان کی ایک پروموشنل مہم کا حصہ ہیں۔

دوسری جانب سے ’انڈیا ٹوڈے‘ نے اپنی رپورٹ میں واضح کیا کہ سوناکشی سنہا کی جانب سے انگوٹھی کے ہمراہ نامعلوم شخص کے ساتھ شیئر کی گئی تصاویر ایک تشہیری مہم کا حصہ ہیں، انہوں نے منگنی نہیں کی۔

رپورٹ میں کسی مستند ذرائع کا حوالہ دیے بغیر دعویٰ کیا گیا کہ سوناکشی سنہا نے مسلمان بوائے فرینڈ ظہیر اقبال سے منگنی نہیں کی بلکہ مذکورہ تصاویر اداکارہ کی تشہیری مہم کا حصہ ہیں، جس کی مزید تفصیلات جلد سامنے آئیں گی۔

تاہم اداکارہ کی تصاویر بھارتی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور متعدد یوٹیوبرز اور کانٹینٹ کریئٹرز نے دعویٰ کیا کہ اداکارہ نے مبینہ طور پر اداکار ظہیر اقبال سے منگنی کرلی۔

اس سے قبل رواں برس مارچ میں بھی سوناکشی سنہا کی سلمان خان کے ساتھ ایڈٹ شدہ تصویر کو وائرل کرکے ان کی شادی کی خبریں پھیلائی گئی تھیں۔

سلمان خان کے ہمراہ شادی کی خبریں وائرل ہونے کے بعد سوناکشی سنہا نے سوشل میڈیا پر وضاحتی بیان جاری کیا تھا کہ میڈیا یہ بھی بتا سکتا تھا کہ مذکورہ تصویر جعلی ہے مگر انہوں نے افواہیں پھیلانے کو ترجیح دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں