اسلام آباد: وفاقی حکومت نے درآمد اشیاء پر عائد پبندی میں نرمی کردی۔
وزارت تجارت نے درآمدی اشیاء میں نرمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق صنعتی شعبے کیلئے درآمد کردہ خام مال پر پابندی عائد نہیں ہوگی اور انٹرمیڈیٹ گڈز کی درآمد پر بھی پابندی نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہےکہ 19مئی کو درآمدی اشیاء پر عائد پابندی کی لسٹ میں خام مال، مشینری اور آلات بھی شامل تھے تاہم اب صنعتی آلات، مشینری اور فارن گرانٹ کے تحت چلنے والے منصوبوں کے مٹیریل کی درآمد پر پابندی عائد نہیں ہوگی۔
حکومت نے ملک کی تیزی سے بگڑتی ہوئی معیشت کو سہارا دینے کیلئے معاشی ایمرجنسی کی بنیاد پر لگژری غیر ملکی اشیاء کی امپورٹ پر مکمل پابندی عائد کی ہے۔
حکومت نے جن اشیاء پر پابندی عائد کی ان میں موبائل فونز، ہوم اپلائنسز، فروٹس اور ڈرائی فروٹس(ماسوائے افغانستان سے)، کراکری، پرائیوٹ اسلحہ، جوتے، فانوس اور لائٹیں ، (ماسوائے انرجی سیورز)، ہیڈ فونز اور لاؤڈ اسپیکرز، ساسز ، کیچپ، دروازے اور کھڑکیوں کے فریمز اور دیگر امپورٹڈ آئٹمز شامل ہیں۔