کابل: افغانستان میں لڑکیوں کے اسکول دوبارہ بند کیے جانے کے خلاف طالبات نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغانستان میں لڑکیوں کے سیکنڈری اسکول کھلنے کے چند گھنٹے بعد دوبارہ بند ہونے کے خلاف طالبات نے احتجاج کیا۔ جس میں طالبات ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھیں جن پر “اسکولوں کو کھولو” کے نعرے درج تھے۔
گزشتہ ہفتے طالبان حکومت کی جانب سے طالبات کے اسکول کھولے گئے تھے تاہم اسکولوں کو چند گھنٹے بعد ہی دوبارہ بند کر دیا گیا تھا۔ جس پر طالبات میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
احتجاج کرنے والی طالبات نے ہاتھوں میں کتابیں بھی اٹھا رکھی تھیں اور وہ “اسکولوں کو کھولو” اور “انصاف انصاف” کے نعرے لگا رہی تھیں۔
افغان حکومت کی جانب سے اسکولوں کو بند کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔