گجرات کے چوہدریوں نے سابق صدر آصف علی زرداری کو پیغام دیا ہے کہ وہ کسی بھی ’سیاسی مہم جوئی‘ کا حصہ نہیں بن سکتے، کیونکہ وہ حکمران جماعت کے اتحادی ہیں اور مسلم لیگ (ق) اور پی ایم ایل این کے درمیان اعتماد کی کمی ہے۔
نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک روز قبل ہی چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الٰہی نے گجرات میں پی ایم ایل این کے معروف رہنما اور تاجر امجد فاروقی کے انحراف اور اپنی جماعت کی جانب سے حکمران پی ٹی آئی کی حمایت جاری رکھنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ہر اچھے اور برے حالات میں پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری لاہور میں چوہدریوں کی رہائش گاہ پہنچےجہاں انہوں نے چوہدری شجاعت کی عیادت کی، جو کچھ عرصہ سے بیمار تھے اور چند ہفتوں پہلے ہی صحتیاب ہوئے ہیں۔