اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کو ظہرانے کی دعوت دے دی ہے۔
انفو نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے بھائی میاں شہباز شریف نے بلاول بھٹو کو یہ دعوت ٹیلی فونک بات چیت کے دوران دی۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے میاں شہباز شریف کی جانب سے ملنے والی دعوت قبول کرلی۔ دعوت کل دوپہرمیں ظہرانے کی دی گئی ہے۔ ظہرانہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی رہائش گاہ پر دیا جائے گا۔
انفو نیوز نے ذرائع سے بتایا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والے ٹیلی فونک رابطے میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے حوالے سے ہم نیوز نے بتایا ہے کہ کل دونوں رہنماؤں کے درمیان ظہرانے پر ہونے والی ملاقات میں مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔