اسلام آباد : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکرادا کرتا ہوں کہ ”نیا پاکستان قومی صحت کارڈ“ کے ذریعے ہمیں عوام کی خدمت کی توفیق دی ہے، ”نیا پاکستان قومی صحت کارڈ“ کے ذریعے وزیراعظم عمران خان کے عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے خواب کو تعبیر ملی ہے۔ان کا کہناتھاکہ عمران خان کی قیادت میں ہیلتھ کارڈ کا اجراء خیبرپختونخوا سے شروع ہوا اور یہ سفر ساہیوال، ڈیرہ غازی خان اور لاہور ڈویژن سے ہوتا ہوا آج راولپنڈی ڈویژن تک پہنچا ہے۔
وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ”نیا پاکستان قومی صحت کارڈ“ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہناتھاکہ ہیلتھ کارڈ سے راولپنڈی ڈویژن کے تقریباً 30لاکھ خاندان مفت علاج کرا سکیں گے، راولپنڈی،جہلم،اٹک اورچکوال کے اضلاع کے شہری 10 لاکھ روپے سالانہ پینل پر موجود 56 ہسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام پر پنجاب حکومت 400 ارب روپے خرچ کر ے گی، مارچ کے آخر تک پنجاب کے ہر خاندان کو ”نیا پاکستان قومی صحت کارڈ“ کے ذریعے مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی، پنجاب کے 36 اضلاع کے 11 کروڑ عوام اس تاریخ ساز پروگرام سے مستفید ہوں گے، پنجاب حکومت نے شعبہ صحت کی بہتری پر خصوصی توجہ دی ہے۔