یمن میں طویل عرصے سے جاری تنازع میں ایک بار پھر شدت آگئی ہے اور ایک جیل پر فضائی حملے میں 100 سے زائد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے جبکہ بمباری کے ایک اور واقعے میں 3 بچے ہلاک ہوئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ‘اے ایف پی’ کے مطابق حوثی باغیوں نے بھیانک وڈیو جاری کی ہے جس میں جیل پر حملے کے بعد ملبے میں دبی مسخ لاشیں نظر آرہی ہیں، حملے میں سعدہ کے شمالی مرکز میں واقع جیل کی عمارت مکمل طور پر زمین بوس ہوگئی۔
سیو دی چلڈرن نامی تنظیم کا کہنا ہے کہ حُدیدہ کے جنوبی ساحلی قصبے میں سعودی اتحادی فورسز کے ٹیلی کمیونی کیشن سہولت مرکز پر فضائی حملے میں 3 بچے جاں بحق ہوگئے، بچے عمارت کے قریب کھیل رہے تھے، پورے یمن میں انٹرنیٹ بھی بند ہے۔
سیو دی چلڈرن کا کہنا ہے کہ جس وقت حملہ کیا گیا مبینہ طور پر بچے اس وقت عمارت کے قریب موجود فٹبال گراونڈ میں کھیلے تھے.
یہ حملے حوثی باغیوں کی جانب سے جنگ کو نئے فیز میں داخل کرتے ہوئے ابو ظبی میں ڈرون اور میزائل حملوں کے دعووں کے بعد سامنے آئے ہیں،ابو ظبی میں 5 دن قبل حوثی باغیوں کے حملے میں 3 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
متحدہ عرب امارات جو باغیوں سے لڑنے والی سعودی اتحادی فورسز کا حصہ ہے اس نے جوابی حملوں کی دھمکی دی تھی۔
ڈاکٹرز ود آوٹ بارڈرز کے مطابق سعدہ میں جیل پر حملے کے بعد ہسپتال بھر گئے ہیں، صرف ایک ہسپتال میں ہی 200 زخمیوں کو لایا گیا۔
یمن میں انٹرنیشنل کمیٹی فار ریڈ کراس کے ترجمان بشیر عمر نے اے ایف پی نیوز کو بتایا کہ 100 سے زیادہ افراد ہلاک اور زخمی ہیں جبکہ تعداد مزید بڑھ رہی ہے۔
ڈاکٹرز ود آوٹ بارڈرز کے یمن میں مشن ہیڈ احمد محت کا کہنا ہے کہ فضائی حملے کی جگہ پر ابھی کئی لاشیں موجود ہیں، کئی لوگ لاپتہ ہیں، یہ جاننا تقریبا نا ممکن لگتا ہے کہ کتنے لوگ مارے گئے، یہ تشدد کا خوفناک عمل ہے۔
حوثی باغیوں کے حملے کے خلاف یو اے ای کی درخواست اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس گزشتہ روز شیڈول تھا یو اے جہ یکم جنوری سے ایک غیر مستقل رکن کی حیثیت سے سلامتی کمیٹی کا رکن ہے۔
یو اے ای سعودی اتحادی فورسز کا حصہ ہے جو 2015 سے باغیوں کے خلاف لڑ رہاہے، ایک ایسے تنازعے میں جس کی وجہ سے لاکھوں یمنی شہری بے گھر اور قحط کے دہانے پر پہنچ گئے۔
اتحاد نے حودیدہ میں حملے کا دعویٰ کیا، جو جنگ سے تباہ ملک کی اہم ترین بندرگاہ ہے، لیکن یہ نہیں کہا کہ اس نے صعدہ پر کوئی حملہ کیا ہے۔
سعودی سرکاری نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ اتحادی فورسز نے حوثی ملیشیا کی صلاحیت کو نقصان پہنچانے کے لیے حملے کیے ہیں۔