لازوال دھنوں کے خالق موسیقار امجد بوبی کو مداحوں سے بچھڑے 20 برس بیت گئے

لاہور: (آئی این این) سریلی اور لازوال دھنوں کے خالق موسیقار امجد بوبی کو مداحوں سے بچھڑے 20 برس بیت گئے۔
انفرادیت پسند اور جدت طراز موسیقار امجد بوبی 1942ء میں امرتسر میں پیدا ہوئے، ان کے والد غلام حسین خان ایک کلاسیکل گائیک تھے جن سے انہوں نے موسیقی کی تربیت حاصل کی، موسیقار امجد بوبی، رشیدعطرے جیسے عظیم موسیقار کے بھانجے تھے مگرخود کو ایک بڑا موسیقار منوانے کیلئے امجد بوبی کو خاصی جدوجہد کرنا پڑی۔
موسیقار امجد بوبی کی پہلی فلم 1969ء میں آنے والی وحید مراد کی فلم ’’اک نگینہ‘‘ تھی تاہم انہیں 1983 میں فلم ’’کبھی الوداع نہ کہنا‘‘ اور پھر فلم ’’بوبی کے گیتوں‘‘ نے شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
’’گھونگھٹ‘‘، ’’پرورش‘‘ ، ’’نادیہ‘‘ ، ’’روبی‘‘، ’’نزدیکیاں‘‘، ’’سنگم‘‘، ’’چیف صاحب‘‘، ’’گھر کب آوٴ گے‘‘، ’’یہ دل آپ کا ہوا‘‘ بھی امجد بوبی کی کامیاب ترین فلمیں ثابت ہوئیں۔
فلم ’’کھلے آسمان کے نیچے‘‘ امجد بوبی کی آخری فلم ثابت ہوئی اور وہ 15 اپریل 2005ء کو دل کا دورہ پڑنے سے لاہور میں انتقال کر گئے۔