وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کمیونسٹ پارٹی کی نیشنل کانگریس کے تاریخی اجلاس کے بعد چین کا دورہ میرے لئے اعزاز ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج چین کے دورے پر روانہ ہورہا ہوں، سی پی سی کے 20 ویں قومی کانگریس اجلاس کے بعد مدعو کئے جانے والے چند رہنماؤں میں شامل ہونا اعزاز ہے۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایسے وقت میں جب دنیا متعدد چیلنجز سے نبرزآزما ہے پاکستان اور چین دوست اور شراکت دار کے طور پر ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں مزید کہا ہے کہ چینی قیادت کے ساتھ بات چیت اہم شعبوں خصوصاً سی پیک پر مرکوز ہو گی، سی پیک کا دوسرا مرحلہ سماجی اور اقتصادی ترقی کے نئے دور کے آغاز کی نوید ہے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنائے گا، چین کی اقتصادی ترقی سے بہت کچھ سیکھا جاسکتا ہے۔
دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورہ پر چین روانہ ہو گئے، وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ مواصلات مولانا اسعد محمود، وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات احسن اقبال، وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیرِ ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیرِ سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین، وفاقی وزیردفاعی پیداوار سردار اسرار ترین،معاونین خصوصی طارق فاطمی، سید فہد حسین، ظفر الدین محمود، جہانزیب خان اور وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ وزیرِ اعظم کے وفد میں شامل ہیں۔
شہباز شریف چین کی ریاستی کونسل کے وزیراعظم لی کی چیانگ کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں، کمیونسٹ پارٹی چین کی 20ویں نیشنل کانگریس کے تاریخی انعقاد اور صدر شی جن پنگ کے تیسری بار جنرل سیکرٹری منتخب ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف چین کا دورہ کرنے والے اولین رہنماؤں میں شامل ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان قیادت کی سطح پر مسلسل رابطوں کی کڑی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف دورے کے دوران چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے۔دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔
دونوں ممالک کے قائدین سٹرٹیجک کوآپریشن پارٹنرشپ کا جائزہ لیں گے۔ملاقاتوں اور اجلاسوں میں علاقائی اور عالمی سطح پر صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہو گا۔دورے سے دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر دوطرفہ تعاون کے ایجنڈے پر پیش رفت متوقع ہے۔دورے کے دوران مفاہمت کی متعدد یاداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہونے کا بھی امکان ہے۔دورے سے چین پاکستان اقتصادی راہداری کی رفتار مزید بڑھنے کی توقع ہے۔سی پیک کے حوالے سے مشترکہ تعاون کمیٹی (جے سی سی) کا گیارھواں اجلاس 27 اکتوبر 2022 کو منعقد ہوا تھا۔