اسلام آباد F9 پارک سے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کی ریلی میں سب بھرپور شرکت کریں

واشنگٹن: (آئی این این) امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت فوری سیز فائر پر تیار ہو گئےَ۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کی ثالثی میں ایک طویل رات کی بات چیت کے بعد مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہندوستان اور پاکستان نے مکمل اور فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) May 10, 2025
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ عقل و دانشمندی کا مظاہرہ کرنے پر دونوں ممالک کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس معاملے پر آپ کی توجہ کے لیے آپ کا شکریہ۔
واضح رہے کہ 6 اور 7 مئی کی رات کو بھارت کی جانب سے پاکستان اور آزاد کشمیر کے 5 مقامات پر حملے کیے گئے تھے جس کا پاکستانی فورسز نے منہ توڑ جواب دیا اور بھارت کے 5 طیارے بھی مار گرائے۔
پاکستان کی جانب سے بارہا خبردار کرنے کے باوجود بھارت کی جانب سے جارحیت کا سلسلہ جاری رہا اور بھارت نے ڈرون حملوں کے بعد میزائل حملوں سے پاکستانی ایئر بیسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
پاکستان نے آج صبح بھارت کو بھرپور جواب دیتے ہوئے ادھم پور، آدم پور اور پٹھان کوٹ ائیر بیسز سمیت کئی ائیر فیلڈز کو تباہ کر دیا۔ بھارتی ریاست مہاراشٹرا کی الیکٹرک کمپنی پر سائبر حملہ کر کے بجلی کا نظام مکمل طور پر جام کر دیا اور ملٹری سیٹیلائٹ کو بھی جام کر دیا۔
اس کے علاوہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ریاست گجرات میں پاکستانی ڈرونز کئی گھنٹوں تک پرواز کرتے رہے۔ پاکستان نے بھارت کی بھٹنڈا ائیر فیلڈ کو بھی تباہ کر دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’ الحمدللہ افواج پاکستان نے مربوط طریقے سے طاقتور جواب دیا ہے، پہلگام واقعے پرحقائق جاننے کے لیے غیر جانبدارانہ تحقیقات کو بھارت نے ٹھکرا دیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر میزائل اور ڈرون حملے کیے، ان جارحانہ اقدامات کے باوجود پاکستان نے انتہائی تحمل سے کام لیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی حملوں میں نہتے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا تاہم بھارت کی ان پے در پے کارروائیوں کا ہماری بہادر افواج نے بھرپور جواب دیا، آج ہم نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے اور بےگناہوں کے خون کا بدلہ لے لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے، آپ سمیت پوری قوم کو میں اس کامیاب آپریشن پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، ہم بھارت کی مذموم کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔