کرائسٹ چرچ: (آئی این این) سہ فریقی کرکٹ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دے دی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم ابتداء میں 2 وکٹیں جلد گرنے کے باعث مشکلات کا شکار ہوئی تاہم کپتان بابراعظم اور شاداب خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، بابراعظم نے 53 گیندوں پر 79 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاداب خان نے 34 رنز بنائے۔
دیگر بلےبازوں میں اوپنر محمد رضوان 4، محمد نواز 16 اور شان مسعود صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ کیوی بالرز کی جانب سے بلیئر ٹیکنر نے 2 جبکہ ٹم ساؤتھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ کرائسٹ چرچ کے ہاگلے اوول کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں میزبان کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر مہمان کپتان بابر اعظم کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے فن ایلن اور ڈیون کونوے نے اننگز کا آغاز کیا، پاکستان کو پہلا بریک تھرو محمد وسیم جونیئر نے تیسرے اوور میں فن ایلن کی صورت میں دیا جو محض 13 رنز ہی بناسکے۔
نیوزی لینڈ کے ڈیون کونوے 36، کپتان کین ولیمسن 31، گلین فلیپس 18، مارک چیپمین 32، جیمز نیشم 5، مائیکل بریس ویل صفر، ایش سوڈھی 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اس کے علاوہ ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ بالترتیب 1 اور 2 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا، حارث نے 19ویں اوور میں تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور 4 اوورز میں 28 رنز دیے۔
اس کے علاوہ محمد وسیم جونیئر اور محمد نواز نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاہنواز دھانی ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔