اسلام آباد: (آئی این این) وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی صارفین کو بلز پر24 گھنٹوں میں ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت بجلی صارفین کے مسائل حل کرنے کے لئے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا، اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم کے بجلی صارفین کیلئے اعلان کردہ ریلیف پیکیج پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے، ایک کروڑ 66 لاکھ صارفین کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دئیے گئے ریلیف کے تحت بلز کی تصحیح جاری ہے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ریلیف کے اقدامات پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنانے اور صارفین کو بجلی کے 200 یونٹ بلز پر24 گھنٹوں میں ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بجلی کے بلز کی تصحیح کیلئے ڈسکوز کا سٹاف 24 گھنٹےکام کرے، بلز کی تصحیح کیلئے تمام سٹاف کی چھٹیاں ختم کر کے اس کام کو فوری نمٹا کر رپورٹ پیش کی جائے۔
شہباز شریف نے بلز جمع کروانے کیلئے بینکس کو آئندہ دنوں میں کھلا رہنے کی ہدایت بھی کی، وزیراعظم نے بجلی صارفین کی شکایات دور کرنے کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی قائم کر دی۔