کراچی کو واپس روشنیوں کا شہر اور معاشی حب بنائیں گے: عمران خان

اسلام آباد: (آئی این این) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم کراچی کو واپس روشنیوں کا شہر اور معاشی حب بنائیں گے، حقیقی آزادی کے لیے کراچی کے لوگوں کا جوش کبھی نہیں بھول سکتا۔

عمران خان سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل، نو منتخب ایم این اے محمود مولوی نے ملاقات کی، ملاقات میں پی ٹی آئی رہنما زبیر گیلانی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران سابق وزیراعظم نے محمود مولوی کو کامیابی، عمران اسماعیل کو زبردست مہم چلانے پر مبارکباد دی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ این اے 245 کی مہم میں حصہ لینے والے تمام انصافین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، کراچی کے عوام نے ہمیشہ تحریک انصاف کا ساتھ دیا ہے، کراچی کے باشعور لوگ اپنا بہتر مستقبل تحریک انصاف کو سمجھتے ہیں، کراچی پر حکمرانی کرنے والوں نے شہر کی روشنیاں اجاڑدی ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں کی تکلیف اور پریشانی سے میں زیادہ واقف ہوں، ہم کراچی کو واپس روشنیوں اور معاشی حب شہر بنائیں گے، حقیقی آزادی کے لیے کراچی کے لوگوں کا جوش کبھی نہیں بھول سکتا، شہر قائد کے لوگ سب سے زیادہ میرے دل کے قریب ہیں، میں جلد کراچی آکر کراچی کے لوگوں کا شکریہ ادا کروں گا۔

پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ این اے 245 کی عوام کا بھی مشکور ہوں انہوں نے ہمارا ساتھ دیا، بلدیاتی الیکشن میں بھی کراچی کی عوام تحریک انصاف کے نمائندوں پر اعتماد کا اظہار کرے، ہم اس شہر کو مضبوط اور بااختیار بلدیاتی نظام دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں