ومبلڈن اوپن ٹینس، ثانیہ مرزا کا سیمی فائنل میں سفر تمام، نڈال اور نک فائنل فور میں داخل

لندن : (آئی این این) بھارتی نامور ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور ان کے کروشین جوڑی دار میٹ پاویک کا رواں سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مکسڈ ڈبلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں سفر تمام ہوگیا جبکہ رافیل نڈال اور نک کرگیوس فائنل فور میں پہنچ گئے۔

ان کو مکسڈ ڈبلز سیمی فائنل میچ میں برطانوی ٹینس سٹار نیل سکوپسکی اور ان کی امریکی جوڑی دار میری کراؤزیک نے شکست دی۔

انگلینڈ کے دارالحکومت لندن میں جاری رواں سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں کانٹے کے مقابلے جاری ہیں جس کے مکسڈ ڈبلز مقابلوں کے سیمی فائنل میچ میں برطانوی ٹینس سٹار نیل سکوپسکی اور ان کی امریکی جوڑی دار میری کراؤزیک پر مشتمل سیکنڈ سیڈڈ جوڑی نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف بھارتی نامور ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور ان کے کروشین جوڑی دار میٹ پاویک ک6-4، 5-7 اور 4-6 سے شکست دیکر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

فیصلہ کن معرکے میں فاتح جوڑی کا مقابلہ میتھیو ایبڈن اور ان کی ہم وطن جوڑی دار سامنتھا سٹوسر پر مشتمل آسٹریلوی جوڑی سے ہوگا۔

میچ ہارنے کے بعد پاکستانیوں کی بھابھی اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر جذباتی پیغام بھی جاری کیا۔

رافیل نڈال اور نک کرگیوس سیمی فائنل میں پہنچ گئے

دوسری جانب ہسپانوی شہرہ آفاق ٹینس سٹار، ریکارڈ 22 گرینڈ سلام کے چیمپئن اور میگا ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ رافیل نڈال اور آسٹر یلوی ٹینس سٹار نک کرگیوس اپنی فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے، 36 سالہ رافیل نڈال نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میچ میں حریف امریکی ٹینس کھلاڑی ٹیلر فریٹز کو شکست دے کر اور نک کرگیوس نے کوارٹر فائنل میچ میں چلی کے کرسچین گارن کو ہرا کر میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔

ہسپانوی کلے کورٹ کے بادشاہ رافیل نڈال نے مینز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میچ میں انجری مسائل کے باوجود امریکہ کے حریف کھلاڑی ٹیلر فریٹز کو کانٹے کے مقابلے کے بعد شکست دے کر ٹاپ فور کے لئے کوالیفائی کرلیا، نڈال نے دوسرے سیٹ کے اختتام پر میڈیکل ٹائم آؤٹ لے لیا تھا، انہوں نے پانچویں سیٹ میں ٹائی بریک کے ذریعے فتح حاصل کی۔

اپنے ریکارڈ 23ویں گرینڈ سلام کے لئے کوشاں رافیل نڈال کی کوارٹر فائنل میں فتح کا سکور 6-3، 5-7، 6-3، 5-7 اور 6-7 (4-10) رہا، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان کوارٹر فائنل میچ چار گھنٹے 20 منٹ تک جاری رہا۔

سیمی فائنل میچ میں رافیل نڈال کا مقابلہ آسٹریلوی نک کرگیوس سے ہوگا، 27 سالہ آسٹریلوی نک کرگیوس نے کوارٹر فائنل میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف چلی کے کرسچین گارن کو سٹریٹ سیٹس 4-6، 3-6 اور 6-7 (5-7) سے شکست دے کر پہلی مرتبہ گرینڈ سلام ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔

وہ 2005 کے بعد ومبلڈن سیمی فائنل میں پہنچنے والے پہلے آسٹریلوی ٹینس کھلاڑی ہیں، مردوں کے سنگلز مقابلوں کی عالمی درجہ بندی میں 40 ویں نمبر کے کھلاڑی نک کرگیوس 2008کے بعد گرینڈ سلام سیمی فائنل میں پہنچنے والے لوئسٹ رینکڈ کھلاڑی ہیں، اس سے قبل ورلڈ نمبر 75 مراٹ صافن اور ورلڈ نمبر 94 رائنر شوئٹلر نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

رافیل نڈال کو اپنا ریکارڈ مزید بہتر بنانے کے لئے اور 23 گرینڈ سلام اپنے نام کرنے کے لئے اب صرف دو فتوحات کی ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں