اسرائیل کے ساتھ بہتر تعلقات فلسطین کے مفاد میں ہے، ترک وزیرخارجہ

ترک وزیر خارجہ مولود چاووش اولو کا کہنا ہے کہ انقرہ اور تل ابیب کے درمیان سفارتی تعلقات بہتر ہونے سے فلسطینیوں کو فائدہ ہوگا اور ان کی مدد ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ہمارے تعلقات کو معمول پر لانے سے تنازع کے پرامن حل پر مثبت اثر پڑے گا۔ جبکہ ترکی اسرائیل فلسطین مذاکرات کی کوششیں جاری رکھنے کے لیے تعاون پر تیار ہے۔

ترک وزیر خارجہ نے ایسا اسرائیل کے دو روزہ دورے کے دوران کہا، مولود چاووش 15 سالوں میں پہلے سینئیر قیادت ہے جس نے اسرائیل کا دورہ کیا، ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے دورے کا مقصد دو طرفہ تعلقات کو بہتر بنانا ہے۔

ترک وزیرخارجہ نے اپنے اسرائیلی ہم منصب یائر لپیڈ سے یروشلم میں ملاقات کی، دونوں وزراء نے اس بات پر زور دیا کہ برسوں کی کشیدگی کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات بڑھتے اور ترقی کرتے رہے۔

اسرائیلی وزیرخارجہ نے کہا کہ اس وقت بھی جب سیاسی تعلقات کشیدہ تھے، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون مسلسل بڑھ رہا تھا۔

دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرائیلی ایئرلائنز کو ترکی میں لینڈنگ کی باضابطہ اجازت دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں