لاہور: (آئی این این) ملک بھر میں ایک مرتبہ پھر روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ کا اضافہ دیکھا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 216 روپے 66 پیسے سے بڑھ کر 217 روپے 66 پیسے ہو گئی ہے۔
Interbank closing #ExchangeRate for todayhttps://t.co/Q11sGmWRyJ pic.twitter.com/K0WzLYCBoQ
— SBP (@StateBank_Pak) August 23, 2022
رواں کاروباری ہفتے کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 3 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے۔
دوسری طرف سعودی ریال کی قیمت 57.96 اور اماراتی درہم 59.25 روپے رہی۔
دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی 100 انڈیکس 540.12 پوائنٹس کی بڑھوتری کے بعد 43366.78 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.26 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 13کروڑ 81 لاکھ 21 ہزار 459 شیئرز کا لین دین ہوا۔ جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 80 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔
سٹاک ماہرین کا کہنا ہے کہ سٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کی جانب سے آئندہ 2 ماہ کے لیے پالیسی ریٹ کو 15 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کے لیے مثبت ‘سرپرائز’ رہا، گزشتہ روز کے اس اعلان نے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا۔ توقع ہے مارکیٹ یہاں سے مزید اوپر کا سفر شروع کرسکتی ہے، اگر ملک میں سیاسی استحکام برقرار رہتا ہے تو آنے والے دنوں میں سٹاک مارکیٹ 45 ہزار پوائنٹس کے ہندسے کو بھی عبور کر سکتی ہے۔ حصص مارکیٹ میں شیئرز کی خرید و فروخت کے حجم میں مسلسل اضافہ اس جانب اشارہ ہے کہ سرمایہ کار نئے سودے کر رہے ہیں۔ مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود کو برقرار رکھنے کا فیصلہ گزشتہ سال ستمبر میں شروع کی گئی مانیٹری ٹائٹنگ کے بعد اس طرح کا پہلا فیصلہ ہے۔