پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے مارچ میں بیرون ملک میں مقیم پاکستانیوں کے لیے3 روزہ کنونشن کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے کیے جانے والے اعلان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اسلام آباد میں کنونشن سے خطاب کریں گے اور اس میں دنیا بھر سے بڑی تعداد میں بیرون ملک مقیم پاکستانی شرکت کریں گے۔
اس سلسلے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے امور سے متعلق پی ٹی آئی کے سیکریٹری ڈاکٹر عبداللہ ریار نے پارٹی کے جنرل سیکریٹری اسد عمر سے ملاقات کی اور پہلے بار منعقد ہونے والے کنونشن کے لیے بنائے گئے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا۔
علاوہ ازیں ’تاریخی اجتماع‘ میں شرکت کے لیے بیرون ملک میں رہائش پزیر پاکستان تحریک انصاف کے عہدیداران اور کارکنان کے علاوہ امریکا، یورپ اور جمہوری وسطی ایشیا کے وفود کو بھی مدعو کیا جائے گا۔
اسد عمر کاکہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی پہلے روز سے وزیر اعظم کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے باہر رہائش پزیر پاکستانیوں نے ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا اور پی ٹی آئی ملک کی سیاست میں ان کے کردار کی قدر کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کنونشن عظیم اور تاریخی تقریب ہوگی، پی ٹی آئی پہلے ہی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق دے چکی ہے۔
وزیر اعظم کے مشیر برائے بیرون ملک مقیم پاکستانی اور ترقی برائے انسانی وسائل ایوب آفریدی نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی شکایات سے نمٹنے کے لیے متعدد ہدایات جاری کیں۔
سرکاری خبر رساں ادارے’اے پی پی‘ کے مطابق وزیر اعظم کے مشیر نے مذکورہ ہدایات اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے زیر قیادت پارلیمانی وفد کے ہمراہ مدینہ کے دورے میں سعودی عرب میں رہنے والے پاکستانیوں سے ملاقات کے دوران دیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب: بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ
ایوب آفریدی نے مدینہ میں پاکستانی برادری کی شکایات سنیں اور جدہ میں قونصلیٹ جنرل کے ویلفیئر ونگ کو ان کی فلاح کرتے ہوئے شکایات سے اولین ترجیح کے طور پر نمٹنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے مزید کہاکہ مدینہ میں جلد پاسپورٹ آفس قائم کرنے کے علاوہ ابھا، جیزان ، البہا، بیشا اور نجران میں اس طرح کے دفاتر کی تعمیر کے کام تیزی سے کیے جائیں۔
مشیر نے ہدایت دی کہ فلاح سے متعلق وفد مدینہ کا دورہ کرے اور ہفتہ وار بنیادوں پر کھلی کچہری کا انعقاد کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ دورے باقاعدگی سے ہونے چاہیے اور پاکستانی برادری کے مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنا چاہیے۔
علاوہ ازیں انہوں نے مدینہ میں پاکستانی اسکول قائم کرنے کی ہدایت بھی دی۔
مشیر نے سعودی عرب کی جیلوں میں موجود پاکستانی قیدیوں کے کیسز آگے بڑھانے کے لیے پاکستانی سفرا کو لیگل فرم مدد سے لینے کے لیے بھی کہا۔
انہوں نے پاکستان برداری کو یقین دہانی کروائی کہ سمندر پا مقیم پاکستانیوں کی باقیات اور جسد خاکی ملک بھیجنے کا میکنزم بنایا جائے گا۔
دریں اثنا، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پی ڈی ایم پہلے ہی یوم پاکستان کے موقع پر لانگ مارچ کی کال دے چکی ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ سے اسلام آباد 27 فروری کو ایک علیحدہ لانگ مارچ کی کال دی ہے۔
ادھر گزشتہ روز جماعت اسلامی نے بھی اپنے کارکنان شہریوں کو اسلام آباد کی جانب ’فیصلہ کن مارچ‘ کرنے کی ہدایت دی ہے، اس سے قبل پارٹی نے ملک بھر میں مقامی عہدیداران کو تحصیل، ضلع اور صوبائی سطح پر 100 سے زائد مقامات پر 6 فروری کو دھرنے دینے کی ہدایت دی تھی۔