پاکستان کی ہاکی ٹیم نے دورہ یورپ کا آغاز نیدرلینڈز کو رضوان کی شان دار ہیٹ ٹرک کی مدد سے 3-5 سے شکست دی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق بریڈا میں دورہ یورپ پر پاکستان ٹیم نے اپنی مہم کا آغاز کامیابی کے ساتھ کیا اور نیدر لینڈز کو 5 کےمقابلے میں 3 گول سے ہرادیا۔
نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں کھیل کے آغاز میں پاکستان کے اعجاز نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی لیکن نیدرلینڈز نے لگاتار دو گول کرکے قومی ٹیم پر ایک گول کی برتری حاصل کرلی۔
کھیل کے تیسرے اور چوتھے کوارٹر میں پاکستانی ٹیم نے شان دار کھیل کا مظاہرہ کرکے نہ صرف برتری حاصل کی بلکہ میچ پانچ کے مقابلے میں تین گول سے جیت لیا۔
پاکستان کی جانب سے رضوان نے 3 گول، مبشر اور اعجاز نے ایک،ایک گول کیa.
خیال رہے کہ دورہ یورپ میں قومی ہاکی ٹیم کے ہمراہ منیجر اولمپیئن خواجہ جنید، ہیڈ کوچ سیگفرائیڈایکمین، معاون کوچ وسیم احمد، ڈریک فلیکر کوچ رچرڈ اسنیچر اور گول کیپر کوچ باب جان ویلڈیف بھی موجود ہیں۔
پاکستان دورہ یورپ کا دوسرا میچ 27 اپریل کو نیدرلینڈ کے خلاف بریڈا میں کھیلے گا۔