امریکا میں ایک مچھیرے کو وہیل مچھلی نے نگل لیا تاہم مچھیرا پھر بھی زندہ بچ گیا۔
56 سالہ مائیکل پیکرڈ میساچیوسٹس کے قریب سمندر میں غوطہ لگا رہے تھے جب ایک ہمپ بیک وہیل نے انہیں نگل لیا۔
مائیکل پیکرڈ نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ لوبسٹرز پکڑنے کے لیے سمندر میں اترے لیکن اچانک انہیں محسوس ہوا کہ وہ نیچے ہی نیچے جاتے جا رہے ہیں اور ان کے گرد مکمل اندھیرا ہے۔
مائیکل نے بتایا کہ ایک لمحے میں ہی انہیں یہ علم ہو گیا کہ وہ وہیل مچھلی کے اندر ہیں۔ انہیں اپنے جسم پر شدید دباؤ محسوس ہوا۔ بے ہوش ہونے سے پہلے ان کے دماغ میں یہی تھا کہ وہ اب زندہ نہیں بچ پائیں گے۔
مائیکل مچھلی کے پیٹ سے خود نکلے یا مچھلی نے انہیں واپس اگل دیا، اس بارے میں انہوں نے نہیں بتایا تاہم انہیں 3 ہفتے اسپتال میں گزارنا پڑے۔ ان کے جسم کے پٹھوں کو شدید نقصان پہنچا۔
خطروں کے کھلاڑی مائیکل کے ساتھ یہ پہلا موقع نہیں جب انہوں نے موت کو قریب سے دیکھا۔ اس سے چند سال قبل ان کا طیارہ جنگل میں کریش کر گیا تھا۔ وہ سر اور سینے پر شدید چوٹ کے باوجود تین دن تک جنگل میں زندہ رہے جس کے بعد انہیں تلاش کر لیا گیا۔