اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں قائد اعظم کے سنہری اصولوں ایمان، اتحاد، تنظیم پر کاربند ہونے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے یوم پاکستان کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا کہ 23 مارچ تخلیق پاکستان کے حقیقی مقاصد پر کاربند رہنے اور عزم کی تجدید کا دن ہے۔ بابائے قوم، تحریک آزادی کے رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ پاکستان طویل جدوجہد کے بعد وجود میں آیا۔ استحکام اور ترقی کی کلید محنت، دیانت داری، اخلاقیات میں مضمر ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہمیں خود کو ریاست مدینہ کی طرز پر حقیقی فلاحی ریاست کے لیے وقف کرنا چاہیے اور ہمیں بحیثیت قوم درپیش چیلنجزکا ادراک کرنا چاہیے۔ حکومت نےغربت کے خاتمے اور انصاف کے لیے اصلاحات متعارف کرائیں اب ہماری توجہ معاشرے کے نظر انداز طبقے اور مساوی مواقع پر مرکوز ہے۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب پاکستان پروگرام زبردست اقتصادی فوائد کا حامل ہے اور قومی صحت کارڈ کے فلیگ شپ پروگرام تاریخ میں بے مثال پروگرام ہے۔ ماضی کی حکومتوں نے قومی مفاد پر ذاتی مفادات کو ترجیح دی لیکن ہم اپنی عظمت رفتہ کی بحالی کی شاہراہ پر گامزن ہیں۔