اسلام آباد: (آئی این این) سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس میں ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے متفرق درخواست دائر کر دی، درخواست میں عمران خان کے ویڈیو کلپس ریکارڈ پر لانے کی استدعا کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کے خلاف توہین آمیز بیان پر پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف توہین عدالت کیس میں ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے متفرق درخواست دائر کر دی۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ عمران خان کے ویڈیو کلپس ریکارڈ پر لانا چاہتے ہیں، اس لیے الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا پر دیئے گئے بیانات کی ویڈیوز بھی ریکارڈ پر لانے کی اجازت دی جائے۔ درخواست میں کہا گیا کہ عدالت کے لیے یہ بیانات فیصلہ کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے،
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوٹس بورڈ پر لارجر بینچ کی کاز لسٹ بھی آویزاں کر دی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کا تین رکنی لارجر بینچ آج دوپہر کو کیس کی سماعت کرے گا، بینچ کی سربراہی جسٹس محسن اختر کیانی کریں گے جبکہ بینچ میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار بھی شامل ہیں۔