سیالکوٹ پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما کے بیٹے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر نادرا آفس کے انچارج اور دیگر افسران کو پروٹوکول نہ دینے پر تشدد کا نشانہ بنا تھا۔
نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق پسرور کی تحصیل چاونڈا میں نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے دفتر کے انچارج عابد عبدالرحمٰن نے تھانہ پھلورہ میں شکایت درج کرائی ہے کہ سابق صوبائی وزیر اور این اے 74 سیالکوٹ میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر کے بیٹے احسن عباس اور اس کے ساتھیوں نے دفتر پر دھاوا بولا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
شکایت گزار نے مزید کہا کہ احسن عباس نے پہلے انہیں 18 فروری کو فون کیا اور انہیں ووٹر کا شناختی کارڈ بنانے میں سہولت فراہم کرنے کا کہا۔
عابد عبدالرحمٰن نے بتایا کہ انہوں نے احسن عباس کو کہا تھا کہ نادرا دفتر آنے والے تمام شہری میرے لیے برابر ہیں، جس پر احسن عباس طیش میں آگئے اور مجھے گالیاں دینا شروع کر دیں اور دھمکیاں دیں۔
شکایت گزار نے بتایا کہ کچھ دیر بعد احسن عباس، ان کا قریبی ساتھی شوکت متلا اور پانچ دیگر افراد نادرا دفتر میں داخل ہوئے اور انہوں نے مجھے کالر سے پکڑ کر تھپڑ مارا اور گالیاں دیں۔
نادرا انچارج نے بتایا کہ سینئر افسران عبدالرحمٰن اور محمد تقی نے انہیں بچانے کی کوشش کی لیکن حملہ آوروں نے انہیں بھی تشدد کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ ملزمان نے دفتری کام میں خلل ڈالا اور فرنیچر توڑا۔
پولیس نے احسن عباس، شوکت متلا اور پانچ دیگر کے خلاف ٹیلی گراف ایکٹ کی دفعات 25 ڈی اور 506 اور پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 186 کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
لوگوں نے نادرا کے دفتر میں غنڈہ گردی کے خلاف احتجاج کیا اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
سیالکوٹ کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) محمد حسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں اور کیس کی تفتیش میرٹ پر کی جائے گی۔
نادرا کے ملازمین پر تشدد کے واقع کی مذمت کرتے ہوئے چیئرمین نادرا طارق ملک کا کہنا تھا کہ عوام کی انتھک خدمت میں مصروف نادرا عملے کے ساتھ بااثر افراد کی بدتمیزی قابل قبول نہیں۔
عوام کی انتھک خدمت میں مصروف نادرا سٹاف کے ساتھ بااثر افراد کی بدتمیزی قابل قبول نہیں۔ قانونی کاروائی کے تحت مقدمہ درج ہو گیا ہے۔ میں دیانتدار اور عوامی خدمت کے جز بے سے سرشار ملازمین کو نادرا کا اثاثہ سمجھتا ہوں اور ان کے ساتھ کھڑا ھوں۔ /۱@NadraPak pic.twitter.com/SU8QbrkVBf
— Tariq Malik ™ (@ReplyTariq) February 22, 2022
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں طارق ملک کا کہنا تھا کہ قانونی کارروائی کے تحت مقدمہ درج ہو گیا ہے، میں دیانتدار اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ملازمین کو نادرا کا اثاثہ سمجھتا ہوں اور ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نادرا کو عوام کی بلاامتیاز، ترجیحی سلوک اور سیاسی اثر و رسوخ سے پاک خدمت کرنے کی پالیسی پر سرگرم عمل رہیں گے۔ ٹوکن لیں، قطار میں کھڑے ہوں اور ہمیں اپنی خدمت کا موقع دیں۔