لاہور: مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ اگر معاشی حالات درست نہ کیے تو سیاستدانوں کی سیاست ختم ہو جائے گی۔
مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آج کل ملک کے اندر خاص طور پر لاہور میں سیاسی ماحول بنا ہوا ہے اور ہر جماعت کے قائدین مختلف باتیں کر رہے ہیں اور اپنی اپنی جماعتوں کا مؤقف بیان کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان، آصف علی زرداری اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف ملاقات کے لیے آئے تھے اور ملاقات میں ہر قسم کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔ پرانے واقعات یہاں تک کہ نواز شریف کے متعلق بھی باتیں ہوئیں۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ملاقاتوں میں بعض تجاویز بھی زیر غور آئیں جن کا اس موقع پر ذکر کرنا قبل از وقت ہو گا۔ صرف ملاقاتوں میں ہی مصروف رہے تو عوام سیاستدانوں پر اعتبار کرنا چھوڑ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر معاشی حالات درست نہ کیے تو سیاستدانوں کی سیاست ختم ہو جائے گی۔ جو لوگ ہماری خدمت کرتے ہیں ان کے مسائل کو بھی سننا چاہیے اور معاشی حالات کو سب سے زیادہ اہمیت دی جانی چاہیے۔