’بیٹی بچاؤ کے بجائے بیٹی پٹاؤ‘ کہہ جانے پر نریندر مودی پر مذاق

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ایک ہی ہفتے میں دوسری بار براہ راست خطاب کے دوران غلطی کیے جانے پر سوشل میڈیا پر ان کا مذاق اڑاجا رہا ہے۔

نریند مودی نے گزشتہ روز ’بیٹی بچاؤ‘ بیٹی پڑھاؤٓ‘ کے حوالے سے ایک خطاب کے دوران ’بٹی پڑھاؤ‘ کے بجائے ’بیٹی پٹاؤ‘ بولا تو سوشل میڈیا پر ان کا مذاق اڑایا جانے لگا۔

نریندر مودی کے خطاب کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بھارتی سوشل میڈیا پر 20 جنوری کو ’بیٹی پڑھاؤ، بیٹی پٹاؤ‘ کا ٹرینڈ بھی ٹاپ پر رہا اور لوگوں نے اس میں طرح طرح کی میمز بھی شیئر کیں۔

زیادہ تر لوگوں نے نریندر مودی کی زبان پھسلنے پر مزاحیہ تبصرے اور میمز شیئر کیے اور کہا کہ ملک کے وزیر اعظم لوگوں کو خود دعوت دے رہے ہیں کہ ’بیٹی پٹاؤ‘۔

بھارت سمیت پاکستان میں ’ُپٹاؤ‘ کے لفظ کو عام طور پر کسی شخص کو محبت کے جال میں پھنسانے کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

نریندر مودی کی جانب سے ’بیٹی بچاؤ، بیٹی پٹاؤ‘ پر جہاں سوشل میڈیا پر میمز شیئر کی گئیں، وہیں بھارتی نیوز چینلز پر بھی میمز چلائی گئیں۔

لوگوں نے سوشل میڈیا پر نریندر مودی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لکھا کہ ملک کے وزیر اعظم کو ’بچاؤ‘ اور ’پٹاؤ‘ کے الفاظ میں فرق کا احساس ہی نہیں۔
https://www.instagram.com/p/CZB2a53KLYt/?utm_source=ig_embed&ig_rid=4aeaf405-00cf-45f9-a2b6-2540edb8c63c

کچھ لوگوں نے یہ بھی لکھا کہ اس بار بھی نریندر مودی کا ’ٹیلی پرامپٹر‘ خراب ہوگیا ہوگا، جس وجہ سے انہوں نے ’بیٹی پٹاؤ‘ کہا،جس پر لوگوں نے میمز شیئر کرنا شروع کیے۔

نریندر مودی نے اپنی پہلی حکومتی مدت میں 2015 میں ’بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ‘ مہم کا آغاز کیا تھا، جس کا مقصد بھارت میں بچیوں اور خواتین کو حقوق فراہم کرنا تھا۔

نریندر مودی کی جانب سے حالیہ غلطی سے قبل 18 جنوری کو بھی انہوں نے ورلڈ اکانامک فورم سے براہ راست خطاب کرتے ہوئے غلطی کی تھی، جس پر ان کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم شروع ہوگئی تھی۔

ورلڈ اکانامک فورم سے خطاب کرتے کرتے اچانک نریندر مودی خاموش ہوگئے تھے اور ان سے ٹھیک طرح سے کچھ بولا نہیں جا رہا تھا، جس پر فورم کے میزبان نے نشریات کو بند کردیا تھا۔

مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بھی نریندر مودی کے خلاف سوشل میڈیا پر مزاحیہ تبصرے شروع ہوگئے تھے اور لوگوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کا ’ٹیلی پرامپٹر‘ خراب ہوگیا ہوگا۔

کئی لوگوں نے دعویٰ کیا تھا کہ نریندر مودی ہر خطاب ’ٹیلی پرامپٹر‘ دیکھ کر کرتے ہیں۔

’ٹیلی پرامپٹر‘ ایک کمپیوٹر اسکرین ہوتی ہے، جسے عام طور پر میڈیا اداروں میں نیوز اینکر اور میزبان استعمال کرتے ہیں، مذکورہ اسکرین پر اینکرز کے لیے ہدایات اور مواد موجود ہوتا ہے، جنہیں وہ دیکھ کر خبریں پڑھتے ہیں یا پروگرامات کرتے ہیں۔

ایسے ہی ’ٹیلی پرامپٹرز‘ کو کئی عالمی سیاستدان بھی پروگرامات کے دوران استعمال کرتے ہیں جب کہ اسے کئی عالمی فورمز بھی پروگرامات کے دوران استعمال کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں