کمپین فار ٹوبیکو فری کڈز پاکستان کی ایک پارٹنر تنظیم کے طور پر، سسٹین ایبل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن نے پنجاب میں نوول تمباکو کی مصنوعات سے نمٹنے کے لیے بننے والے پارلیمانی کاکس کے ساتھ ایک مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ ورکشاپ کا مقصد اراکین پارلیمنٹ کو نوول تمباکو کی مصنوعات کے خطرات سے آگاہ کرنا اور پنجاب میں مصنوعات پر پابندی کے لیے مجوزہ قانون سازی پر غور و خوض کرنا تھا۔کثیر الجماعتی پارلیمانی کاکس ورکشاپ میں پی ٹی آئی، پی ایم ایل این اور پی پی پی سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی پنجاب نے شرکت کی۔
سی ٹی ایف کے پاکستان کے سربراہ ملک عمران احمد نے پاکستان نے تمباکو کی نئی مصنوعات کے بڑھتے ہوئے نقصان دہ اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہر روز 13-15 سال کی عمر کے 1200 بچے سگریٹ نوشی شروع کر دیتے ہیں اور اس کی وجہ تمباکو کی اسمارٹ مارکیٹنگ اور اشتہاری حکمت عملی ہے۔ جس کے تحت، ایک دکان میں سگریٹ کا ایک پیکٹ چاکلیٹ اور کینڈی کے ساتھ لگا دیا جاتا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ بچے اس خطرے کا شکار ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس دعوے کی توثیق امریکی سینیٹ کمیٹی میں پیش کی گئی تمباکو کی صنعت کی لیک ہونے والی دستاویزات سے ہوئی، جس میں واضح طور پر بچوں کو سگریٹ نوشی اور اس صنعت سے ہونے والی 173,000 اموات کے لیے طویل مدتی متبادل صارفین کے طور پر ذکر کیا گیا تھا۔ ملک عمران نے بل کے مسودے میں تمباکو کی نئی مصنوعات کی جامع اور واضع تعریف کی درخواست کی تاکہ اگر نئی مصنوعات، نئے ناموں یا نئی پیکیجنگ کے ساتھ مارکیٹ میں آئیں، تو ان پر پابندی کے ذریعے مؤثر طریقے سے نمٹا جا سکے اور قانون کی حکمرانی کے تحت وہ پاکستان کے نوجوانوں کی صحت کو نقصان پہنچانے سے قاصر رہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایسی نقصان دہ مصنوعات پر پابندی کے بجائے ہر روز ایک نئی پروڈکٹ نہ صرف لانچ کی جاتی ہے بلکہ اس کی بھرپور تشہیر بھی کی جاتی ہے۔ اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ ماضی میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے تمام عوامی مقامات پر “شیشہ” پر پابندی عائد کر دی تھی جس کی وجہ سے ایسے شیشہ کیفے کا ظاہری وجود کبھی نہیں دیکھا جا سکتا۔ تاہم، بغیر دھوئیں والی نیکوٹین مصنوعات جیسے “ویلو” نہ صرف بازار میں کھلے عام موجود ہیں بلکہ چھوٹے بچوں اور نوجوانوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے پرکشش انداز میں پیک کیے گئے ہیں۔ مزید برآں، انہوں نے ذکر کیا کہ یہ نیکوٹین پاؤچز صرف PKR 100-120 میں خریدے جاسکتے ہیں، اس طرح یہ نوجوانوں کے لیے ایک سستی ڈیل بناتے ہیں تاکہ وہ با آسانی خرید سکیں۔
اس کے بعد قانون کا مسودہ ارکان پارلیمنٹ کو پیش کیا گیا تاکہ وہ ان کی قیمتی رائے حاصل کریں اور تعریف کو بہتر کریں تاکہ اسے بہترین شکل دی جا سکے۔ تمام اراکین پارلیمنٹ نے تمباکو کی نئی مصنوعات کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے اپنی حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ اراکین پارلیمنٹ نے متفقہ طور پر پنجاب اسمبلی میں بل پیش کرنے اور پاکستان میں اس قسم کی مصنوعات پر بروقت پابندی کو یقینی بنانے کے لیے بل کی منظوری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
سیشن کے اختتام پر سید کوثر عباس ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایس ایس ڈی او نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تمباکو کی نئی مصنوعات پر پابندی کے بل کی جلد منظوری پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے نوجوانوں کے تحفظ کے لیے ہمیں نئی مصنوعات کے خطرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی تیاری، فروخت اور اشتہارات پر پابندی کے لیے نہ صرف قانون سازی کی ضرورت ہے بلکہ اس پر عملدرآمد بھی یقینی بنایا جائے ۔