پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے دوران سابق وزیراعظم کے کنٹینر پر فائرنگ ہوئی جس کی زد میں آ کر ایک شخص جاں بحق ہو گیا، اس واقعہ میں عمران خان اور فیصل جاوید سمیت 10 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی کو پاؤں پر گولی لگنے کے باعث شوکت خانم ہسپتال لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کا لانگ مارچ اس وقت وزیرآباد کی جانب رواں دواں ہے اور اس کی اگلی منزل شہر میں جلسہ کرنے کی ہے، اس دوران عمران خان کے کنٹینر کے قریب نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔
فائرنگ کے باعث ایک شخص جاں بحق ہو گیا ہے جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری ہسپتال میں علاج کے لئے منتقل کر دیا گیا ہے، زخمی ہونے والوں میں عمران خان، سینیٹر فیصل جاوید، پی ٹی آئی رہنما احمد چٹھہ بھی شامل ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دو میں سے ایک حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، عمران خان کو پنڈلی پر گولی لگی ہے۔
پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کرنے والے مسلح شخص کا نام فیصل بٹ ہے، حملہ آور نے فائرنگ کے لئے اے کے 47 رائفل کا استعمال کیا۔
لانگ مارچ ہر صورت اسلام آباد پہنچے گا، جھکوں گا نہیں ڈٹ کر مقابلہ ہوگا: عمران خان
سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ لانگ مارچ ہر صورت اسلام آباد پہنچے گا، ڈرنے والے نہیں۔ کہا تھا نہیں جھکوں گا، مزید ڈٹ کر مقابلہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے کنٹینر پر فائرنگ کے بعد عمران خان نے لانگ مارچ آج کے روز ختم کرنے کا حکم دیدیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں زخمی ہونے کے بعد سابق وزیراعظم نے اپنے ایک بیان میں حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ کل دن 11 بجے سے دوبارہ سے شروع ہو گا، لانگ مارچ ہر صورت اسلام آباد پہنچے گا، ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بھاگنے یا ڈرنے والے نہیں، کہا تھا کہ نہیں جھکوں گا، اب پھر کہ رہا ہوں مزید ڈٹ کر مقابلہ ہوگا۔