وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ او آئی سی اجلاس کی تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں، چین کے وزیرخارجہ اور دیگر ممالک کے وزرا آج بطورمہمان خصوصی پاکستان پہنچ جائیں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کل او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا اڑتالیسواں اجلاس ہو گا، وزیر اعظم عمران خان کل اجلاس سے خطاب کریں گے، اجلاس میں 100سے زائد قراردادیں زیر بحث آئیں گی، وزرائے خارجہ 23 مارچ کو پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے، جبکہ کل او آئی سی کی چیئرمین شپ ایک سال کیلئے پاکستان کو منتقل ہوجائےگی۔
اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ہمیں دو طرفہ ملاقاتوں کا موقع بھی فراہم ہوگا، ہماری سیاسی کمیٹی کے اجلاس مسلسل ہو رہے ہیں، آج بھی وزیراعظم کی سربراہی میں سیاسی کمیٹی کااجلاس ہوگا، ہم تصادم نہیں چاہتے، کسی ممبرکو ووٹ کاحق استعمال کرنے سے نہیں روکیں گے،ہم عدم اعتماد کا مقابلہ آئینی طریقےسے کریں گے، نمبرزپورے کرنے کی ذمہ داری اپوزیشن کی ہے، اپوزیشن نمبرزپورے کرنے کیلئے ضمیر فروشی پراترچکی ہے، سپریم کورٹ سے ہارس ٹریڈنگ ختم کرنے کیلئے رہنمائی چاہتے ہیں۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ سے یہ بھی رہنمائی لیں گے کہ کیا یہ ممبران تاحیات نااہل ہوں گے؟ اگر وہ تاحیات نہ اہل ہو سکتے ہیں تو انہیں یہ قدم اٹھانے سے پہلے باردگر سوچنا چاہیے، بلاول کی بہت سی باتوں پر ہنسی آتی ہے، وقت کے ساتھ ساتھ سیکھ جائیں گے، بلاول خدا کیلئے بڑے ہوجائیں، او آئی سی کیلئے ہر حکومت نےاپنے اپنے دور میں کردار اداکیا ہے۔