وزیرداخلہ شیخ رشید نے قانون ہاتھ میں لینے والوں کو یاد کرا دیا کہ کوئی لیڈر قانون سے بڑا نہیں ہے، انہوں نے پریس بریفنگ کرتے ہوئے کہا کہ جو قانون کو ہاتھ میں لے گا ،قانون ان کو نہیں چھوڑے گا، جب تک میں وزیر داخلہ ہوں کچل کر رکھ دوں گا جو قانون کو ہاتھ میں لے گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز جو واقعہ ہوا اس کی مذمت کرتے ہیں، اکتوبر 2019 میں انصارالاسلام پرپابندی لگائی گئی، ہمارے پاس اطلاعات اچھی نہیں ہیں، سب سےزیادہ خطرہ مولانافضل الرحمان اور شیخ رشید کوہے،جےیوآئی کےایم این ایزاپنی مرضی سے ساتھ گئے، ہم نےایف آئی آرمیں کوئی جھوٹی دفعہ نہیں لگائی،لاجز میں 362 اراکین کی فیملیز رہتی ہیں، 50افراد کو لاجز میں داخل کیا گیا ،5گھنٹے ہم نے مذاکرات کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نجی ملیشا نے پولیس پر تشدد کیا ،5افراد زخمی ہوئے ، ہم نے کسی کے خلا ف دہشت گردی کا مقدمہ نہیں بنایا۔ کامران مرتضیٰ نے پولیس سے متعلق انتہائی غلیظ زبان استعمال کی اور بہارہ کہو میں دہشت گرد گروپ گرفتا ر کیا گیا۔
شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس 172 لوگ نہیں ہیں اس لیےایسے ہتھکنڈے اپنا رہے ہیں، یہ لوگ 172افراد کو لا ہی نہیں سکتے اور راہ فرار اختیار کررہے ہیں، بے نظیر بھٹو 12ووٹوں سے ہاری تھیں یہ بھی ہا رجائیں گے، یہ لوگ ڈرامے کررہے ہیں، اب بڑی اسکرین پر دکھاتے ہیں، فضل الرحمان کو پہلے بھی استعمال کیا گیا اور اب بھی وہ استعمال ہورہے ہیں۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ جو قانون کو ہاتھ میں لے گا ،قانون ان کو نہیں چھوڑے گا،آرمی چیف کو کالج کےزمانے سے جانتاہوں وہ جمہوریت کے ساتھ ہوں گے،وزیراعظم کے ساتھ تقریب میں جانا تھا کچھ فیصلوں کی باعث نہیں جارہا، فضل الرحمان نے کہاکہ ہماری لاٹھیاں تیارہیں، لیکن نجی ملیشا کو اسلام آبا دکے ریڈ زون میں داخل ہونے نہیں دیں گے ، میں تمام اپوزیشن رہنماوں کو درخواست کرتا ہوں کسی غلط فہمی کا شکار نہ رہیں، یہ عدم اعتماد سے بھاگ جائیں گے اورکسی اور طرف جائیں گے، اپوزیشن والے عمران خان سے ذاتی لڑائی لڑ رہے ہیں، اپوزیشن والے 172لوگ لائیں نہیں تو پرانی تنخواہ پر کام کریں۔
شیخ رشید نے مزید کہا کہ عمران خان نے کہا کہ ہم امریکہ، یوکرین ،چین سب کے ساتھ ہیں، الیکشن کے وقت پارلیمنٹ کے باہر شکرانے کی دعائیں ہوں گی، آپ عمران خان سے ذاتی لڑائی لڑنے جا رہے ہیں، اپوزیشن والے قانون کو ہاتھ میں نہ لیں،غلطی کریں گے تو آپ خسارے میں رہیں گے، فضل الرحمان کو پہلے بھی استعمال کیا گیا اور اب بھی وہ استعمال ہورہے ہیں.