بھارتی فلموں پر تبصرہ کرنے والے کمال راشد خان المعروف کے آر کے بھی بالی وڈ فلم فائٹر کا ٹریلر دیکھ کر بھڑک اٹھے اور بھارتیوں کو کھری کھری سنادی۔
سوشل میڈیا پر کے آر کے کا ایک ویڈیو بیان تیزی سے وائرل ہورہا ہے جس میں انہیں فلم فائٹر کے ٹریلر پر شدید تنقید کرتے دیکھا جاسکتا ہے ۔
ویڈیو بیان میں کے آر کے کا کہنا تھا کہ ’میری سمجھ میں نہیں آتا ہر فلم میں پاکستان پر ہی بمباری کیوں ہوتی ہے کبھی چائنہ پر کیوں نہیں ہوئی، چائنہ سے بھی ہمارا اتنا ہی جھگڑا ہے جتنا پاکستان سے ہے، مجھے سمجھ نہیں آتا ہر فلم میں پاکستان پر ہی کیوں بمباری کی جاتی ہے چین پر بمباری کرنے میں کیا مسئلہ ہے، فلم فائٹر میں دکھایا گیا کہ ہمارے آفیسرز پی او کے میں اتر جاتے ہیں اور پھر وہاں لڑائی شروع ہوجاتی ہے اور پھر انڈین آفیسرز پاکستان کو تباہ کردیتے ہیں‘ ۔
بھارتی اداکار اور ناقد کے مطابق ’جب ہرفلم میں 2 تین آفیسرز جاکر پاکستان کو ختم کرکے آجاتے ہیں تو میرا سوال ہے کہ بھارت کو پھر لاکھوں کی فوج رکھنے کی کیا ضرورت ہے، ہندوستان اتنے ہتھیار کیوں خریدتا ہے؟ ہر 6 ماہ بعد ریتھک اور فلم کے آفیسرز کو پاکستان بھیج کر برباد کردیا کرو، ایک بات مجھے یہ بھی سمجھ نہیں آتی جب ہر فلم میں ہر کچھ عرصے بعد آپ پاکستان کو برباد کرچکے ہو تو پھر ہر کچھ عرصے بعد پاکستان کیسے واپس آجاتا ہے؟
فلم فائٹر کا جاری ٹریلر کیا تھا؟
بالی وڈ کی فلم ’فائٹر‘ کے حال ہی میں جاری ٹریلر میں بالی وڈ کے سپر اسٹار انیل کپور ، دپیکا پڈوکون اور ہریتھک روشن کو بھارتی فضائیہ میں مختلف عہدوں پر دیکھا گیا، فلم میں ہریتھک اور دپیکا فضائیہ کے اسکوارڈن لیڈر جب کہ انیل کپور کمانڈنگ آفیسر کا کردار نبھاتے نظرآئے۔
ٹریلر میں بھارتی فضائیہ کوپلوامہ حملے کے بعد پاکستان کے خلاف ایک آپریشن کا منصوبہ بناتے دکھایا گیا، ٹریلر میں نیوز کاسٹر کا کہنا ہے کہ ’بھارتی فوجیوں پر پاکستان سے حملہ ہوا ہے جس میں 40 سے زائد بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں‘، اسی دوران بھارتی وزیر کا ڈائیلاگ سنا جاسکتا ہے جس میں وہ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کررہا ہے۔
اس کے بعد بھارتی فضائیہ کو پاکستان پر کئی فضائی حملے کرتے دکھایا گیا۔
ٹریلر میں اسی دوران ہریتھک روشن بظاہر ایک شخص کو ایکشن سین کے دوران کہتے ہیں کہ ’ پی او کے کا مطلب پاکستان نے کشمیر پر قبضہ کرلیا لیکن مالک ہم ہیں، تم جیسے دہشت گردوں کی وجہ سے اگر ہم بدتمیزی پر اتر آئے تو تمہارا ہر محلہ آئی او پی بن جائے گا، بھارت پاکستان پر قبضہ کرےگا‘۔