یوٹیوب کوغلط اور جعلی معلومات کے خلاف اقدامات کرنے کی تجویز کی گئی ہے، دنیا بھر سے ‘فیکٹ چیک’ کرنے والے اداروں نے ویڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر زور دیا ہے کہ وہ جعلی معلومات کی نگرانی کے حوالے سے اپنے پلیٹ فارم پر اقدامات کریں۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق دنیا کی 80 سے زائد ‘فیکٹ چیک’ معلومات کی جانچ کرنے والے اداروں نے یوٹیوب پر زور دیا کہ وہ جعلی معلومات کے خلاف اقدامات کریں اور انہیں اپنے پلیٹ فارم سے پھیلنے کی اجازت نہ دیں۔
یوٹیوب کے چیف سوسان وجسیسکی کو بھیجے گئے ایک خط میں ان اداروں کی جانب سے ویڈیو پلیٹ فارم کو یہ پیش کش کی گئی ہے کہ وہ انہیں غلط بیانات یا معلومات کے خلاف مدد فراہم کرسکتی ہیں۔ خط میں کہا گیا کہ جن ممالک میں انگریزی نہیں بولی جاتی ان میں مسائل زیادہ سامنے آرہے ہیں۔
مذکورہ اداروں کا کہنا تھا کہ آئے روز ہم دیکھ رہے ہیں کہ بڑے پیمانے پر دنیا میں غلط اور جعلی معلومات پھیلانے کے لیے یوٹوب کے پلیٹ فارم کو استعمال کیا جارہا ہے۔
انہوں ںے یہ بھی کہا کہ ایسی ویڈیوز غلط معلومات کو جانچنے والے ریڈار میں نہیں آرہی ہیں خاص طور پر ایسے ممالک میں جہاں انگریزی مقامی زبان نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم زور دیتے ہیں کہ جعلی اور غلط معلومات کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے اور اس کے لیے دنیا کے آزاد اداروں سے مدد حاصل کی جاسکتی ہے۔
اس کے ساتھ ہی ان اداروں کی جانب سے یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ وہ سیاق و سباق فراہم کرنے اور ڈیبنک کی پیشکش کرنے پر توجہ مرکوز کرے۔ علاوہ ازیں اس پر بھی زور دیا گیا کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس کا تجویز کردہ الگورتھم فعال طور پر اپنے صارفین کو غلط معلومات کو فروغ نہیں دیتا۔