پی ایچ ایف کا نئے امپائرز کی تلاش اور تربیت کے حوالے سے پروگرام جاری

راولپنڈی: (آئی این این) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے امپائرز کی استعداد بہتر کرنے اور امپائرنگ پول کو بڑھانے کے لئے نئے امپائرز کی تلاش اور تربیت کے حوالے سے پروگرام جاری کر دیا ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ریسرچ و ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ذریعہ امپائرز اور ٹیکنیکل آفیشلز کی تربیت اور آن لائن ورکشاپس/ کورسز کرائے جائیں گے، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایف آئی ایچ امپائرز مینجر راشد محمود بٹ کو امپائرنگ کمیٹی کا کنوینیئر تعینات کر دیا ہے جو ملک بھر میں آن لائن ہاکی امپائرنگ ورکشاپس/ کورسز منعقد کریں گے جبکہ صوبائی لیول پر امپائرنگ کمیٹیاں راشد محمود بٹ تعینات کریں گے۔

صوبائی امپائرنگ کمیٹیوں کے ذریعہ گراس روٹ لیول پر نئے امپائرز کی تربیت اور آن لائن کورسز کرائے جائیں گے جس میں سے باصلاحیت مرد و خواتین ہاکی امپائرز کو ضلعی، صوبائی اور قومی ایونٹس میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا۔

پی ایچ ایف کی جانب سے تمام صوبائی یونٹس کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ اپنے موجودہ اور نئے امپائرز کی تربیت اور کورسز کے حوالے سے نامزدگیاں 10 ستمبر تک بھجوا دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں