پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا آئیوری کوسٹ کے ہم منصب سے ملاقات میں اظہار

اسلام آباد۔14فروری:سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے منگل کو آئیوری کوسٹ کے ہم منصب اداما بکٹوگو نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

سپیکر نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ آئیوری کوسٹ افریقہ کا ایک اہم ملک ہے،پاکستان آئیوری کوسٹ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے،دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی رابطوں کا فروغ ناگزیر ہیں،پاکستان اور آئیوری کوسٹ کے مابین پارلیمانی دوستی گروپ کا قیام ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی رابطوں کے فروغ سے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کو ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کا موقع ملے گا، پاکستان بھی آئیوری کوسٹ کی طرح ایک زرعی ملک ہے،پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں،آئیوری کوسٹ کے پارلیمانی وفد کے دورے سےدونوں ممالک کے عوام مزید قریب آئیں گے۔آئیوری کوسٹ کا دورہ کی دعوت میرے لیے باعث مسرت ہے۔

اس موقع پر آئیوری کوسٹ کے سپیکر نے راجہ پرویز اشرف کے آئیوری کوسٹ سے متعلق تاثرات کو سراہا اورکہا کہ آئیوری کوسٹ کا پارلیمانی وفد پاکستان کا دورہ کر کہ انتہائی خوشی محسوس کر رہا ہے۔انہیں پاکستان کے عوام سے بے پناہ محبت اور خلوص ملا ہے ،پاکستان میں جفاکش اور محنت کرنے عوام بستے ہیں۔پاکستان آمد پر پرتباک استقبال اور محبت کو کبھی نہیں بھولیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کمیونیکیشن کی دنیا میں پاکستان کے خلاف تاثر من گھڑت اور بے بنیاد ہے،اس دورہ سے ہمیں ادراک ہوا کہ پاکستان ایک عظیم ملک ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ملک پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔آئیوری کوسٹ ایک زرعی ملک ہے اور اس کی ترقی کا دارومدار زراعت پر منحصر ہے۔پارلیمانی رابطوں کا فروغ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

پاکستان اور آئیوری کوسٹ کے مابین دوستی گروپ کا قیام ایک اہم پیشرفت ثابت ہوگا۔آئیوری کوسٹ کے سپیکر نے اپنے پاکستانی ہم منصب کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ آئیوری کوسٹ کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی دوستی گروپ کے قیام کے لیے مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط کئے گئے ۔آئیوری کوسٹ کے سپیکر نے پاکستان کی قومی اسمبلی میں مہمانوں کے لیے رکھی گئی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں