پاکستان ایشیا کپ میں جاپان سے شکست کے بعد ہاکی ورلڈکپ کی دوڑ سے باہر

ایشیا ہاکی کپ میں جاپان سے 2-3 گول سے شکست کے بعد پاکستان ایک مرتبہ پھر ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے مطابق انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں جاری ایشیا ہاکی کپ کے تیسرے میچ میں پاکستان اور جاپان کے درمیان سنسنی خیز میچ ہوا تاہم جاپان کی ٹیم برتری ثابت کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

پی ایچ ایف کے مطابق کھیل کے 14 ویں منٹ میں جاپان کی جانب سے ریوما اوکا نے فیلڈ گول کیا اور 15 ویں منٹ میں اکیومی سیگی نے گول کرکے برتری دوگنا کردی۔

دوسرے کوارٹر کے 23 ویں منٹ میں پاکستان کی جانب سے اعجاز احمد نے گول کیا جبکہ 27 ویں منٹ میں جاپان کے تاکوما نیوا نے اپنی ٹیم کا اسکور 3 گول کردیا۔

کھیل کے 30 ویں منٹ میں پاکستان کے مبشر علی نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے پاکستان کا خسارہ کم ضرور کیا لیکن کھیل کے اختتام پر مزید کوئی گول نہیں ہوا۔

دونوں ٹیموں مزید گول کرنے میں ناکام رہیں اور یوں میچ جاپان نے 2 گول کے مقابلے میں 3 گول سے جیت لیا۔

جاپان نے اس سے قبل دفاعی چمپیئن بھارت کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دی تھی اور پاکستان کے خلاف بھی بہترین کارکردگی جاری رکھی اور ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔

پاکستان نے ابتدائی دونوں میچوں میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا تھا، بھارت کے خلاف پہلے میچ کے آخری لمحات میں گول کر کے میچ 1-1 سے برابر کردیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں انڈونیشیا کو 0-13 کے بھاری مارجن سے شکست دی تھی۔

جکارتہ کے جی بی کے اسپورٹس کمپلیکس ہاکی اسٹیڈیم میں جاپان کے خلاف شکست کے بعد پاکستان کے ہاکی ورلڈ کپ 2023 تک رسائی کی امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔

ایشیا ہاکی کپ کے گروپ اے میں جاپان سرفہرست ٹیم ہے جبکہ بھارت نے انڈونیشیا کو 0-16 سے شکست دے کر دوسری پوزیشن حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔

انڈونیشیا میں جاری ایشیا ہاکی کپ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائر کی حیثیت اختیار کرگیا جہاں مقابلوں کے بعد بھارت میں ہونے والے عالمی کپ کے لیے ایشیائی ٹیموں کی فہرست مکمل ہوگئی۔

بھارت 2023 کے ورلڈ کپ کی میزبان کی حیثیت سے براہ راست کوالیفائی کر چکا ہے، دیگر ٹیموں میں جاپان، جنوبی کوریا اور ملائیشیا نے ہاکی ورلڈ کپ میں اپنی جگہ پکی کرلی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں