جی لانگ: (آئی این این) آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے افتتاحی میچ میں بڑا اپ سیٹ ہوا ہے، بے بی ٹیم نمیبیا نے سری لنکا کو 55 رنز سے شکست دے دی۔
سری لنکا کی ٹیم 164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 108رنز بنا سکی جب کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے، نمیبیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے تھے۔
قبل ازیں کوالیفائنگ راؤنڈ کے افتتاحی میچ میں سری لنکا نے نمیبیا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹرز جان فرائلنک اور جے جے سمٹ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، جان فرائلنک 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ جے جے سمٹ نے ناقابل شکست31 رنز کی اننگز کھیلی۔
سری لنکا کی جانب سے پرامود مدوشن نے 2 جب کہ مہیش ٹھیکشنا، دشمنتھا چمیرا،چمیکا کرونارتنے اور ونندو ہسارنگا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا میں نمیبیا کے بولرز نے سری لنکن بیٹنگ لائن اکھاڑ کر رکھ دی، سری لنکا کی جانب سے کپتان داسن شنکا نے 29 اور بھانوکا راجا پکشا نے 20 رنز بنائے۔
نمیبیا کے ڈیوڈ ویزا، برنرڈ شالٹز، بین شکونگو اور جان فرائلنک نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ جے جے سمٹ نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے میں کوالیفائنگ میچز کھیلے جائیں گے، ٹورنامنٹ کے لیے کُل 8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے کے اختتام پر چار ٹیمیں مین راؤنڈ سپر 12 کے لیے کوالیفائی کریں گی، سپر 12 راؤنڈ کا آغاز 22 اکتوبر سے ہو گا۔