واشنگٹن: (آئی این این) امریکا ریاست ٹیکساس میں کنٹینر میں دم گھٹنے سے مرنے والوں کی تعداد 50 ہو گئی۔ مرنے والوں میں 22 کا تعلق میکسیکو، سات گوئٹے مالا اور دو کا ہنڈوراس سے تھا۔ باقی ہلاک شدگان کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
بہترمستقبل کا سہانا خواب چکنا چور، امریکا جانے کی کوشش میں درجنوں افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ امریکی ریاست ٹیکساس میں حکام کو سان انتونیو کے مضافات سے ایک لاوارث لاری ملی۔ کنٹینر کو کھولا گیا تو درجنوں افراد مردہ حالت میں پائے گئے۔
امریکی حکام کے مطابق مرنے والوں میں زیادہ تر میکسیکو کے شہری ہیں، ہیٹ اسٹروک اور دم گھٹنے کے باعث 4 بچوں سمیت 16 افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جن میں سے چند کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس نے تین افراد کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آٖغاز کر دیا ہے، واقعہ میکسیکو کی سرحد سے 250 کلو میٹر دور ٹیکساس کے علاقے سان انتونیو میں پیش آیا۔ اس سے پہلے بھی 2003 میں امریکا داخل ہوتے ہوئے 19افراد ٹرک میں دم گھٹنے سے مر چکے ہیں۔