کراچی (ویب ڈیسک)سندھ ہائیکورٹ میں لاپتا شہری کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ، جس دوران پولیس نے انکشاف کیا کہ کہ واٹس ایپ سے کی جانے والی کال ٹریس نہیں ہو سکتی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سماعت کے دوران سربراہ جے آئی ٹی نے کہا کہ پولیس کے پاس یہ ٹیکنالوجی نہیں ہے جو کہ واٹس ایپ کال کو ٹریس کر سکے ، تفتیشی افسر نے کہا کہ لاپتا شہری سلطان سے متعلق مسقط سے واٹس ایپ پر کال کی جارہی ہے ،جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ واٹس ایپ کال کسی نہ کسی فون نمبر سے کی جاتی ہو گی ، تفتیشی افسر نے کہا کہ مسقط کا فون نمبر صرف واٹس ایپ پر موجود ہے جبکہ سم بند ہے ، عدالت نے کہا کہ واٹس ایپ نمبر جس انیٹرنیٹ یا سیلولر سروس سے کنیکٹ ہے اس کا سراغ نہیں لگا سکتے ۔
تفتیشی افسر نے کہا کہ سم بند ہے تحقیقات میں تعاون کیلئے ایف آئی اے کو بھی خط لکھاہے ، عدالت نے پولیس کو لاپتا شہری سلطان کی بازیابی کیلئے ایف آئی اے سے بھی مدد لینے کا حکم جاری کر دیاہے ، عدالت نے پولیس اور دیگر سے 8 فروری کومزید پیش رفت رپورٹ طلب کر لی ہے ۔