نائجیریا میں مسلح افراد کا مسجد پر دھاوا، 19 نمازی اغوا

نائیجیریا کے شورش زدہ شمال مغرب میں مسلح افراد نے ایک مسجد پر حملہ کرنے کے بعد 19 مسلمان نمازیوں کو اغوا کر لیا۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق نایئجیریا میں پولیس حکام نے بتایا ہے کہ حملہ آوروں نے سنیچر کی شام نماز کے دوران ریاست کاتسینا کے گاؤں مائیگامجی میں مسجد پر دھاوا بولا اور امام مسجد اور ایک نمازی کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔

شمال مغربی اور وسطی نائیجیریا میں جرائم پیشہ گروہوں کی وجہ سے خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔

یہ ڈاکو مویشی چوری کرنے، تاوان کے لیے اغوا کرنے اور سامان لوٹنے کے بعد گھروں کو جلا دینے کے واقعات میں ملوث ہیں۔

یرغمالیوں کو عام طور پر ان گروہوں کو تاوان ادا کرنے کے بعد رہا کیا جاتا ہے جو وسیع روگو جنگل میں پناہ لیتے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ گزشتہ ماہ ریاست کدونا کے دیہات پر ڈاکوؤں کے حملوں میں 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

نائیجیریا کے صدر محمدو بوہاری پر شدید دباؤ ہے کہ وہ اپنے آٹھ سالہ دور اقتدار کے اختتام پر اگلے سال اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے سے قبل تشدد کو ختم کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں