ملتان: 22 کروڑ 60 لاکھ کی لاگت سے ہاکی آسٹرو ٹرف کا منصوبہ مکمل

ملتان (آئی این این) ملتان میں 22 کروڑ 60 لاکھ روپے کی لاگت سے ہاکی آسٹرو ٹرف کا منصوبہ مکمل کر لیا گیا لیکن سیٹنگ ایریا کیلئے ساڑھے 3 کروڑ روپے کا فنڈ نہ ملنے کے باعث تاحال ہاکی سٹیڈیم کو فعال نہیں کیا جا سکا۔

ملتان میں ہاکی آسٹرو ٹرف کے منصوبے میں سیٹنگ ایریا کو شامل نہیں کیا گیا جبکہ رہی سہی کسر بجلی کا کنکشن نہ لگا کر پوری کر دی گئی ہے جس سے کروڑوں روپے کی لاگت کے باوجود منصوبہ تا حال فعال نہیں ہو سکا جس کی وجہ سے ہاکی کے فروغ کے حوالے سے مقامی کھلاڑیوں کی مشکلات تا حال برقرار ہیں۔

سپورٹس حکام کا کہنا ہے کہ سیٹنگ کا پی سی فور بنا لیا ہے جس کیلئے فنڈز منظور ہوتے ہی تمام کام مکمل کر لیں گے لیکن منصوبوں کو فعال کرنے میں مزید 6 ماہ لگ سکتے ہیں۔

ہاکی سٹیڈیم کی حدود میں سوئمنگ پول اور باسکٹ بال کا منصوبہ بھی شروع نہیں ہو سکا جبکہ جمنیزیم کی تزئین وآرائش سمیت کھیلوں کے 7 مختلف منصوبوں کیلئے بھی تاحال فنڈز دستیاب نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں