سادھوکی : (آئی این این) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ میں شامل خاتون صحافی عمران خان کے کنٹینر کے نیچے آکر جاں بحق ہوگئی جس پر وزیراعظم سمیت دیگر نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لانگ مارچ میں شامل کنٹینر کے نیچے آکر خاتون جان کی بازی ہار گئی، خاتون کے بارے میں بتایا جارہا ہے وہ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹر ہے۔
عمران خان نے حادثے کے بعد کنٹینر رکوا دیا اور وہ کنٹینر سے نیچے اتر کر جائے حادثہ پر پہنچے، صدف نعیم نجی ٹی وی چینل کی رپورٹر تھیں۔
اس حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ خاتون رپورٹر کے جاں بحق ہونے کے بعد آج کا لانگ مارچ یہیں ختم کرتے ہیں، دعا ہے اللہ تعالیٰ خاتون کے گھر والوں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
وزیراعظم کا اظہار افسوس
رپورٹر صدف نعیم کی لانگ مارچ کنٹینر سے گرنے سے ہلاکت پر شدید دکھ ہے۔ اندوہناک واقعے پر جتنا افسوس کیاجائے، کم ہے۔ اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ صدف نعیم ایک متحرک اور محنتی رپورٹر تھیں۔ مرحومہ کی مغفرت اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) October 30, 2022
وزیراعظم شہباز شریف نے صحافی کی ہلاکت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹر صدف نعیم کی لانگ مارچ کنٹینر سے گرنے سے ہلاکت پر شدید دکھ ہے، اندوہناک واقعے پر جتنا افسوس کیا جائے کم ہے، اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ صدف نعیم ایک متحرک اور محنتی رپورٹر تھیں، مرحومہ کی مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔
افسوسناک حادثے کے ذمہ دار عمران خان ہیں: مریم اورنگزیب
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا حادثے پر کہنا تھا کہ صحافی کی زندگی پر کوئی سیاست نہیں کرنی چاہیے، یہ بہت ہی افسوسناک واقعہ ہے، افسوسناک حادثے کے ذمہ دار عمران خان ہیں، خاتون صحافیوں کے لئے خصوصی انتظامات کرنے چاہیئں تھے۔
فواد چودھری
صدف سے زیادہ جرآت مند اور محنتی رپورٹر بہت کم دیکھے، ایک جی دار لڑکی، کل ہی عمران خان سے انٹرویو کے بعد صدف کا لاہور کی سب سے جی دار اور محنتی رپورٹر کے طور پر تعارف کروایا تو اس کی آنکھیں چمک اٹھیں کیا معلوم تھا یہ ملاقات آخری ہو گی، خدا فریق رحمت کرے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) October 30, 2022
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ صدف سے زیادہ جرات مند اور محنتی رپورٹر بہت کم دیکھے، ایک جی دار لڑکی، کل ہی عمران خان سے انٹرویو کے بعد صدف کا لاہور کی سب سے جی دار اور محنتی رپورٹر کے طور پر تعارف کروایا تو اس کی آنکھیں چمک اٹھیں، کیا معلوم تھا یہ ملاقات آخری ہو گی، خدا غریق رحمت کرے۔
چودھری پرویز الٰہی
وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے رپورٹر صدف کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدف کی موت پر دلی صدمہ ہوا ہے، صدف پروفیشنل، محنتی اور قابل صحافی تھیں۔
چودھری پرویزالٰہی نے مرحومہ کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالٰی سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے، دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی ہے۔