عدنان صدیقی کی ہمایوں سعید سے فلم میں کاسٹ کرنے کی فرمائش

سینیئر اداکار عدنان صدیقی نے ہمایوں سعید کی پرانی فلم کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے ان سے فرمائش کی ہے کہ وہ 2022 میں کوئی فلم بنائیں اور عدنان صدیقی کو مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کریں۔
عدنان صدیقی نے 18 جنوری کو ہمایوں سعید کی 2015 کی کامیاب مصالحہ فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کا ایک کلپ انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے دیرینہ دوست سے بولڈ مذاق بھی کیا۔
عدنان صدیقی نے فلم کا کلپ شیئر کرتے ہوئے ہمایوں سعید کو یاد دلایا کہ ان کے مقابلے وہ لڑکیوں سے اچھا برتاؤ اور محبت کرتے ہیں۔
عدنان صدیقی نے لکھا کہ جیسے ہی وہ لڑکیوں سے اچھا برتاؤ کرنے لگتے ہیں، خواتین ہمایوں سعید سے دور ہوجاتی ہیں۔
ساتھ ہی عدنان صدیقی نے کیپشن میں ہمایوں سعید سے شکوہ کیا کہ وہ ان کے ساتھ ناانصافی کیوں کرتے ہیں؟
عدنان صدیقی نے کہا کہ اب ان کی خواہش ہے کہ ہمایوں سعید 2022 میں کوئی فلم بنائیں اور اس میں انہیں وہ مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کریں۔
عدنان صدیقی کے مطابق ان کی تمنا ہے کہ وہ ہمایوں سعید کی فلم میں مرکزی کردار ادا کریں اور اس فلم میں ہمایوں سعید کا کردار صرف اتنا ہو کہ ان کی تصویر فلم کے کسی سین میں دیوار پر لٹکی نظر آئے۔
عدنان صدیقی نے جو کلپ شیئر کیا، اس میں ہمایوں سعید عدالت میں ایک مرد اور ان کی اہلیہ کے درمیان غیر ازدواجی تعلقات کا مقدمہ لڑتے دکھائی دیے اور مقدمے میں انہوں نے عدالت کے دوران عدنان صدیقی کی جوانی کی تصویر پیش کرتے ہوئے جج کو بتایا کہ ان کے موکل شادی سے پہلے خوبصورت تھے اور اب انہیں دیکھا جائے، جس پر جج بھی ریمارکس دیتے ہیں کہ وہ شخص تباہ ہوچکے۔
ہمایوں سعید نے بھی عدنان صدیقی کی پوسٹ پر کمنٹ کیا—اسکرین شاٹ
کلپ میں ہمایوں سعید جس شخص کا مقدمہ لڑتے دکھائی دیے، وہ کوئی اور تھے جب کہ عدالت میں عدنان صدیقی کی تصویر کو اس شخص کی جوانی کی تصویر کے طور پر دکھایا گیا۔
عدنان صدیقی کی جانب سے مزاحیہ کلپ شیئر کیے جانے کے فوری بعد ہمایوں سعید نے بھی اس پر کمنٹس کرتے ہوئے دیرینہ دوست سے محبت کا اظہار کیا۔
عدنان صدیقی کی پوسٹ پر دیگر افراد نے بھی کمنٹس کرتے ہوئے مزاحیہ تبصرے کیے اور لکھا کہ جیسے عدنان صدیقی نے ’میرے پاس تم ہو‘ میں ہمایوں سعید کی بیوی کو چرایا تھا، ویسے ہی فلم میں ہمایوں نے اپنا بدلہ لیا۔
مقبول ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ میں عدنان صدیقی نے ایک امیر شخص کا کردار ادا کیا تھا، جن سے ہمایوں سعید کی غریب اہلیہ دولت کی وجہ سے غیر ازدواجی تعلقات استوار کر بیٹھتی ہیں اور مذکورہ ڈرامے پر خوب تنقید کی گئی تھی۔
’میرے پاس تم ہو‘ میں ہمایوں سعید نے ایک غریب شخص کا کردار ادا کیا تھا جو ڈرامے میں اہلیہ کی بیوفائی پر آخر میں دلبرداشتہ ہوکر زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں