صدر شی چین عرب تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے خواہاں

چین کے صدرشی جن پنگ کا کہنا ہے کہ’چھ سال بعد دوبارہ سعودی عرب کا سرکاری دورہ کرنے اور ’خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی دعوت پر پہلے چینی-عرب سربراہی اجلاس اور چین اور خلیج تعاون کونسل کے پہلے سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے پر بہت خوشی ہو رہی ہے۔‘

عرب نیوز کے مطابق تین روزہ دورے پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچنے کے بعد چینی صدر نے کہا کہ ’مجھے چینی حکومت اور عوام کی جانب سے سعودی عرب کی دوست حکومت اور عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے۔‘

صدر شی جن پنگ نے کہا کہ ’چین اور سعودی عرب کے درمیان دوستی، شراکت داری اور بھائی چارے کا گہرا رشتہ ہے۔ سفارتی تعلقات کے قیام کے 32 سال گزرنے کے بعد دونوں فریقین نے افہام و تفہیم اور حمایت کا تبادلہ جاری رکھا ہوا ہے۔‘

انہوں نے’سٹریٹیجک باہمی اعتماد‘ کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ ’عملی تعاون نتیجہ خیز رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان بین الاقوامی اور علاقائی امور میں قریبی رابطے اور ہم آہنگی ہے۔‘
چینی صدر نے سعودی عرب اور چین کے درمیان 2016 میں قائم ہونے والی سٹریٹیجک شراکت داری کا حوالہ دیا جس نے ان کے بقول ’دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچایا اور خطے میں امن، استحکام، خوشحالی اور ترقی کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کیا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں اپنے دورے کے دوران شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور مشترکہ تشویش کے بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر تفصیل سے بات کروں گا اور ہم چین-سعودی تعلقات کی ترقی کی منصوبہ بندی کے لیے مل کر کام کریں گے۔‘

چینی صدر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ طے شدہ مختلف سربراہی اجلاسوں میں شرکت کرنے اور جی سی سی اور عرب رہنماؤں کے ساتھ ’چین-عرب تعلقات اور چین-خلیج تعلقات کو ایک نئی سطح پر بلند کرنے کے لیے کام کرنے کے منتظر ہیں۔‘

سعودی عرب میں منعقد ہونے والی تقریبات میں جی سی سی اور عرب ممالک کے رہنما بھی شرکت کریں گے۔

دریں اثنا سعودی اور چینی کمپنیوں نے شی جن پنگ کے دورے کے دوران گرین انرجی، گرین ہائیڈروجن، فوٹو وولٹک انرجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کلاؤڈ سروسز، ٹرانسپورٹیشن، لاجسٹکس، طبی صنعتوں، ہاؤسنگ اور تعمیراتی فیکٹریوں کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے 34 معاہدوں پر دستخط کیے۔

معاہدوں پر وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح اور متعلقہ سرکاری اداروں کے نمائندوں کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کی دعوت پر چینی صدر شی جن پنگ تین روزہ دورے پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے ہیں۔

سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق صدر شی جن پنگ کو سعودی چین انوسٹمنٹ سمٹ میں شرکت کی دعوت سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے دی تھی۔ سعودی چین انوسٹمنٹ کانفرنس نو دسمبر تک جاری رہے گا۔

شاہ سلمان کی سربراہی میں ہونے والی کانفرنس میں سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان بھی شریک ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں