شیرانی جنگلات میں لگی آگ پر جزوی طور پر قابو پا لیا گیا ہے۔
سیکرٹری جنگلات دوستین جمالدینی کا کہنا ہے کہ شیرانی جنگلات میں لگی آگ کی شدت میں بڑی حد تک کمی آئی ہے ۔آگ جزوی طور بجھی ہے ، انگارے ابھی باقی ہیں جنھیں بجھائے بغیر آگ پرمکمل قابو نہیں پایا جاسکتا ۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ایرانی فائر فائٹر طیارہ شیرانی پہنچ گیا ہے ۔ طیارے کے ذریعے آگ بجھانے کا سلسلہ جاری ہے ۔پاک فوج کے بھی دو ہیلی کاپٹر آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
10 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر پھیلی آگ بجھانے کے لیے پی ڈی ایم اے، این ڈی ایم اے، جنگلات اور انتظامیہ حصہ لے رہی ہے۔ خیبر پختونخوا سے 1122 کے 15 اہلکار بھی آگ بجھانے کے آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔