حکومت فوری طور پر سودی نظام کو ختم کرے، سراج الحق

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت فوری طور پر سودی نظام کو ختم کرے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے اور ڈالر نے200 کی سرخ لکیر بھی عبور کر لی ہے۔ ایک طرف شدید گرمی تو دوسری طرف لوڈشیڈنگ اور مہنگائی ہے جبکہ موجودہ حکومت نے 35 ہزار میگا واٹ بجلی بنانے کے دعوے کیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کرنسی بنگلہ دیش اور افغانستان سے بھی نیچے گر گئی ہے جبکہ حکمران طبقے کی اکثریت لینڈ، ڈرگ اور آٹا مافیا کے نمائندے ہیں۔ پہلے مافیا حکومتی طبقے پر پیسہ خرچ کرتا ہے پھر وہ مافیا اس حکومت سے کماتا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ پانامہ میں 436 اور پنڈورا باکس میں 700 لوگوں کے نام آئے۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے غیر سودی نظام معیشت کی بات کی تھی اور ابتدا سے لے کر آج تک سود کے خاتمے کی بات کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ سود کے خلاف اعلیٰ عدالتیں فیصلے کر چکی ہیں مگر عمل نہیں کیا جا رہا ہے جبکہ شرعی عدالت نے ربا اور سود کو ہر شکل میں ختم کرنے کا فیصلہ سنایا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں