امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے تائیوان میں فوجی مداخلت کے بیان پر چین نے امریکہ کو وارننگ دے دی۔
چین نے امریکی صدر جو بائیڈن کے تائیوان کے حوالے سے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ آگ سے کھیلنے کی کوشش کر رہا ہے۔ وہ تائیوان کے حوالے سے اپنے مفادات کا دفاع کرنے کے لیے تیار ہے۔
بیجنگ نے امریکی صدر کے بیان کے جواب میں کہا ہے کہ چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے بنیادی مفادات پر کسی سمجھوتے یا رعایت کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
چینی ریاستی کونسل کے تائیوان امور کے دفتر کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ چین پر قابو پانے کے لیے ‘تائیوان کارڈ’ کا استعمال نہ کیا جائے ورنہ امریکہ خود جل جائے گا۔
اسے س قبل امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اگر چین طاقت کے ذریعے تائیوان پر قبضہ کرنے کی کوشش کرتا ہے تو امریکہ فوجی مداخلت کرے گا۔
واضح رہے کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی نے کبھی بھی خود مختار تائیوان کو کنٹرول نہیں کیا لیکن وہ اس جزیرے کو اپنی سرزمین کا حصہ سمجھتی ہے۔ چین ماضی میں کہا چکا ہے کہ ضرورت پڑنے پر تائیوان کو چین کا حصہ بنانے کے لیے طاقت کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔