امرتسر: (آئی این این) بھارتی پنجاب کے ضلع پٹھان کوٹ میں نفسیاتی مسائل میں گھرے ہوئے بھارتی فوجی اہلکار نے فائرنگ کرکے اپنے ہی دو ساتھیوں کو مارڈالا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 22 سالہ سپاہی نے پیر کے روز دو حوالداروں کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا۔ ملزم چار سال سے فوج میں خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ ساتھی فوجی اہلکاروں کو ہلاک کرنے کے بعد ملزم فرار ہوگیا تھا لیکن اسے بعد میں گرفتار کرلیا گیا۔
ایک نائیک رینک کے فوجی اہلکار نے پولیس میں شکایت درج کرواتے ہوئے بتایا کہ جس وقت فائرنگ کا واقعہ پیش آیا وہ اور دیگر اہلکار سو رہے تھے۔ فائرنگ کے بعد انہوں نے اپنے سینئر افسران کو واقعے کی اطلاع دی اور زخمیوں کو پٹھان کوٹ کے ہسپتال لے کر گئے لیکن ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دے دیا۔